پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کراچی کی جانب سے ایک روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد

239

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کراچی کی جانب سے کراچی سینٹرل اسپتال اینڈ انسٹی ٹیوٹ آف پریوین ٹیو میڈیسن اینڈ ریسرچ سینٹر واٹر پمپ ایف بی ایریا میں ایک روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبدالغفور شورو کے مطابق یہ پی ایم اے کی سماجی فلاح و بہبود کے لیے غریب اور متوسط علاقوں میں جاری سرگرمیوں کا ایک حصہ ہے اور اس مفت طبی کیمپ میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے سیکڑوں افراد کا مفت طبی معائنہ کیا گیا، ٹیسٹ کیے اور ادویات فراہم کی گئیں۔ کیمپ پر صبح 10 بجے سے 2 بجے تک کنسلٹنٹ، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف آنے والے مریضوں کی خدمت کے لیے موجود رہے۔ ڈاکٹر عبدالغفور شورو کے مطابق پی ایم اے کے مفت طبی کیمپ میں کارڈیالوجی، چیسٹ، کان، ناک اور گلے، گائناکولوجی، فیملی میڈیسن، ڈرماٹولوجی، فزیاٹری، پیڈیاٹرک، گیسٹرو انٹرولوجی، اوپتھل مولوجی، ذیابیطس اور ویکسی نیشن سے متعلق خدمات فراہم کی گئیں جب کہ ای سی جی، کولیسٹرول، بی ایم ڈی، ایس یورک ایسڈ، بلڈ شوگر اور ایچ بی کے مفت ٹیسٹ بھی کیے گئے۔ ڈاکٹر عبدالغفور شورو کے مطابق کیمپ کا بنیادی مقصد لوگوں میں صحت کے مسائل سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔