واٹر بورڈ کے جونئیر افسر کے سرکلر ادارے ہیں بے چینی 

110

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں او پی ایس کی بنیاد پر تعینات ڈی ایم ڈی فنانس نے صوبائی وزیر کے حکم کے خلاف من مانی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں حال ہی میں اون پے اینڈ اسکیل کی بنیاد پر بیک وقت ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر فنانس اور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ریونیو و ریکوری کے عہدوں پر کام کرنے والے گریڈ 19 کے ڈائریکٹر محمد ثاقب صدیقی نے ازخود اپنے دستخط سے سرکلر جاری کردیا ہے کہ ان کی اجازت کے بغیر فنانس ڈپارٹمنٹ میں کسی کاتقرر یا تبادلہ نہ کیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افسر چونکہ عارضی بنیادوں پر ڈی ایم ڈی کی ذمے داریاں سنبھالے ہوئے ہیں اس لیے وہ اس طرح کے سرکلر جاری کرنے کا اختیار نہیں رکھتے ،خصوصاً صوبائی وزیر بلدیات کے اس حکم کے بعد کہ ان کی منظوری کے بغیر واٹر بورڈ میں کسی قسم کا تبادلہ و تعیناتی نہ کی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افسر نے ایسا کرکے براہ راست صوبائی وزیر کے حکم کو چیلنج کردیا ہے جبکہ ڈی ایم ڈی ہیومن ریسورسز و ایڈمنسٹریشن کے اختیارات کو سلب کرنے کی کوشش کی ہے۔ مذکورہ افسر کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ غیر معمولی ترقیاں حاصل کرتے ہوئے گریڈ 19 تک پہنچ چکا۔ خلاف قانون ترقی پر ایک سینئر افسر نے واٹر کمیشن کو مذکورہ افسر کے حوالے سے خط بھی لکھا ہے۔ خلاف قانون ترقیاں پاکر ڈی ایم ڈی فنانس بن جانے والے خلاف ضابطہ احکامات سے ادارے میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔