گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے

54

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیرراناطٰہٰ خاں،جنرل سیکرٹری میاں عیتق الرحمن نے کہاہے کہ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے۔ سر دی میں اضافے کے ساتھ جہاں ایک طرف گیس بحران شدت اختیار کرتاجارہا ہے وہیں دوسری جانب بجلی کی لوڈشیڈنگ نے بھی دوبارہ سر اٹھانا شر وع کر دیا ہے۔ موجودہ حکمران بھی ماضی کے حکمرانوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔توانائی بحران دن بدن سنگین ہوتا چلا جا رہا ہے، اس کے سد باب کے حوالے سے حکمرانوں کی جانب سے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی نہیں کی جارہی۔ ماضی میں حکومتیں توانائی کے کاغذی منصوبوں کاافتتاح کرتی رہی ہیں جس کے نتیجہ میں عوام کودرپیش لوڈشیڈنگ کے مسئلہ میں کسی قسم کی کوئی کمی واقع نہیں ہوئی۔، آج بھی یہ مسئلہ جوں کا توں ہی کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ المیہ تو یہ ہے کہ موجودہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور غلط ترجیحات کی وجہ سے آئندہ بھی اس مسئلہ کا کوئی پائیدار حل نکلتا نظر نہیں آتا۔توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ کالاباغ ڈیم سمیت چھوٹے بڑے پانی کے ذخائر کوفوری تعمیر کیاجائے۔