اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل سمیت پاکستان کے 30رکنی تجارتی وفد نے سعودی عرب کا دورہ کیا اور سعودی ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ بلڈنگ میٹریل، تعمیراتی سامان اور فوڈ شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے سعودی عرب کے ڈپٹی وزیر برائے توانائی، انڈسٹری اور معدنیاتی وسائل عبدالعزیز العبدالکریم اور سعودی ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سیکرٹری جنرل انجینئر سالح ایس ا ل سولامی سے بھی ملاقات کی اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو مزید قریب لانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کی تاجر برادری نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گوشت، سبزیاں و پھل، ڈیری مصنوعات، بیکری کا سامان، پھلوں کے جوس و مشروبات، کوکنگ آئل، بجلی کی تاریں اور فٹنگ کا سامان، پائپ و ٹیوب، گلاس، سیرامک، پینٹ وغیرہ کے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے امور پر بات چیت کی۔
پاکستانی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے سعودی ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سیکرٹری جنرل سالح ایس ال سولامی نے کہا کہ پاکستان کے ایک بڑے تجارتی وفد کا سعودی عرب کا دورہ اس بات کا عکاس ہے کہ پاکستان کا نجی شعبہ سعودی عرب کے ساتھ تجارتی و اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت باہمی فائدے کیلئے ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتی ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے بڑے پیمانے پر نجی شعبوں کے درمیان براہ راست تعلقات کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے اور تیل کے علاوہ دیگر شعبوں میں باہمی تجارت کو بہتر کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ پاکستان میں موجود سعودی سفارتخانے نے پاکستان کے تجارتی وفد کو سعودی عرب کا دورہ کرنے میں ہر ممکن سہولت فراہم کی ہے۔
اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے چیمبر کے صدر احمد حسن مغل کی قیادت میں جدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا بھی دورہ کیا اور جدہ چیمبر کے وائس چیئرمین شیخ مازن ال بیٹرجی سمیت سعودی ہم منصبوں کے ساتھ ملاقات کی۔شیخ مازن ال بیٹرجی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک باقاعدگی کے ساتھ تجارتی وفود کا تبادلہ کرنے پر توجہ دیں جس سے باہمی تجارت مزید بہتر ہو گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پاکستان کی تاجر برادری کو سعودی عرب کا دورہ کرنے میں تعاون کرے گا اور کسٹم معاملات سمیت دیگر تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوششوں میں ہر ممکن مدد کرے گا تا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید تقویت ملے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی عمدہ تعلقات پائے جاتے ہیں لہذا ضرورت ا س بات کی ہے کہ ان تعلقات سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے دونوں ممالک معاشی شعبے میں مزید قریبی تعاون بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں چیمبرز پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے کوششیں تیز کریں جس سے دونوں ممالک کیلئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔ اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے جدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جس کے تحت دونوں چیمبرز پاکستان اور سعودی عرب کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے اور کاروباری تعلقات کو بہتر کرنے کے نئے مواقع تلاش کرنے کی مشترکہ کوششیں کریں گے۔