شوگر ملز کی جانب سے گنے کے وزن میں 10فیصد کٹوتی قابل مذمت ہے،امیر العظیم

92

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ شوگر ملز کی جانب سے وزن میں 10 فیصد کٹوتی انتہائی قابل مذمت ہے۔ اس سے کسانوں کو اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے، حکومت فی الفور اس کا نوٹس لے۔ 447 وزن کرنے والی مشینوں میں سے 336 غیر قانونی ہونے کا انکشاف لمحہ فکر ہے۔ سوچی سمجھی سازش کے تحت شوگر مل مالکان گنے کے کاشتکاروں کا استحصال کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں عوامی وفودسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں شعبہ زراعت کا کردار 70 فیصد ہے مگر بدقسمتی سے ہر دور حکومت میں کسانوں کو درپیش مسائل کا تدارک نہیں کیا گیا۔ موجودہ حکمران بھی اس طرف توجہ نہیں دے رہے۔ آج بھی کسان لاہور میں مال روڈ پر اپنے جائز مطالبات کے لیے احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فصلوں کی پیداوار ی لاگت دوگنی ہوچکی ہے مگر حکومتی مقرر کیے جانے والے نرخوں سے کاشتکاروں کو کچھ بھی ریلیف نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے۔ دنیا بھر کے ممالک اپنی زراعت کو ترقی دے کر خوشحال ہورہے ہیں۔ اللہ نے پاکستان کو بہترین جغرافیہ، موسم اور زرخیز زمین دی ہے مگر ان سے بھرپور استفادہ نہیں کیا جارہا۔ شعبہ زراعت کے حوالے سے نئے تحقیقی مراکز قائم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل پاکستان کے حصے کے دریاؤں کا پانی چوری کرکے اپنے کھیتوں کو سیراب کررہا ہے اور پاکستان کی زمینیں بنجر ہوتی چلی جارہی ہیں۔ حکومت اس حوالے سے سنجیدہ عملی اقدامات کرے۔ بھارت کی آبی جارحیت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا چاہیے تاکہ ہندوستان کا گھناؤنا چہرہ عالمی برادری کے سامنے واضح ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت کے شعبے پر توجہ دیے بغیر ترقی وخوشحالی نہیں آسکے گی۔ تحریک انصاف کی حکومت کو زراعت کے شعبے کو اہمیت دینی چاہیے اور کسانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہیے۔ امیر العظیم نے مزید کہا کہ گزشتہ چند سال سے شوگر مل مالکان کسانوں کے اربوں روپے کے واجبات ادا نہیں کررہے، یہی وجہ ہے کہ اس سال گنے کی پیداوار کم ہوئی ہے۔ کسانوں کو ان کا جائز حق ملنا چاہیے۔
لوئیر دیر، 86 سالہ شخص جل کر جاں بحق
لوئر دیر (اے پی پی) چکدرہ میں گھر میں آگ لگنے سے 86 سالہ شخص جل کر جاں بحق۔علاقہ تھانہ چکدرہ آدم ڈھیر ی میں عالم خان ولد اسرار عالم خان گھر میں آگ لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا ۔ واضح رہے کہ آگ کمرے میں ہیٹر کی وجہ سے لگی۔