ادویات کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر ظلم کے ہے

89

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی114کے امیر میاں عبدالستاربیگا،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم اوردیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ غریب عوام پر ظلم کے مترادف ہے، عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے۔تعلیم اور صحت بہت اہم شعبے ہیں ان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔حکومت غریب مکاؤ پالیسیاں اپنا رہی ہے۔ وزارت صحت کی نااہلی اور ملی بھگت سے چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث ادویات بے پناہ مہنگی ہونے کے باعث پہلے ہی مریضوں کی پہنچ سے دور تھیں رہی سہی کسر موجودہ حکومت نے اضافہ کرکے نکال دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ڈرگ قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث دواساز کمپنیاں قیمتوں میں غیر اعلانیہ اضافہ کر رہی ہے جو ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ سے غریب علاج سے محروم ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں غریب کو ڈسپرین کی ایک گولی نہیں ملتی جبکہ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے ہوئے جاگیر دار اور سرمایہ دار غریب قوم کے پیسے سے بیرون ملک جاکر علاج کرواتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سرکاری خزانے سے بیرون ملک علاج پر پابندی عائد کرے۔
بنوں پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کاکارروائی،منشیات برآمد،ملزمان گرفتار
پشاور (اے پی پی)بنوں پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا،کینٹ پولیس بنوں نے بھاری مقدار میں کار کے خفیہ خانوں سے منشیات برآمد کرلی ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر یاسر آفریدی کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ کینٹ طارق محمود نے بھاری نفری کے ہمراہ کینٹ مارکیٹ کے قریب ناکہ بندی کرکے آنے والی موٹرکار کی تلاش لی جس کے نتیجے کار کے خفیہ خانوں سے 60 بوتل شراب برآمد کرکے ڈرائیور نصراللہ کو گرفتار کرلیااور ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔تھانہ ڈومیل پولیس نے بھی فلائنگ کوچ کے خفیہ خانوں سے 4000 گرام افیون برآمد کرکے وحید اللہ کو گرفتار کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی۔