سپارکو ٹیکنالوجی کے ذریعے بلوچستان کی ترقی میں مدد کرے،جام کمال

125
کوئٹہ :وزیراعلی ٰبلوچستان جام کمال کی زیر صدارت امن وامان کے حوالے سے اجلاس ہو رہا ہے
کوئٹہ :وزیراعلی ٰبلوچستان جام کمال کی زیر صدارت امن وامان کے حوالے سے اجلاس ہو رہا ہے

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقیاتی ضروریات کا ہدف مقرر کرنے اور صوبے کے دورافتادہ علاقوں میں منصوبوں کی مانیٹرنگ کے لیے سپارکو اسپیس ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے حکومت کی مدد کرے۔ یہ بات انہوں نے سپارکو کے چیئرمین میجر جنرل عامرندیم اور ان کی ٹیم کی جانب سے اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ کے بعد کہی۔ اس موقع پر اراکین صوبائی کابینہ ، چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹری بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں طے پایا کہ مختلف شعبوں میں سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے صوبائی حکومت اور سپارکو کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے ۔ چیئرمین سپارکونے اسپیس ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے صوبے کی سماجی ومعاشی ترقی کے عمل میں بھرپور معاونت کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سپارکو نے تمام صوبائی دارالحکومتوں میں ذیلی دفاتر قائم کررکھے ہیں اور صوبوں کی ضروریات کے مطابق انہیں سیٹلائٹ کے ذریعے حاصل ہونے والی معلومات فراہم کی جاتی ہیں، حکومت بلوچستان کی درخواست پر سپارکو زراعت ، ماحولیات ،ڈیموں کیلیے مناسب جگہ کے انتخاب اور قدرتی آفات کے حوالے سے متعلقہ محکموں سے معاونت کررہا ہے۔ انہوں نے گوادر بندرگاہ، کوئٹہ شہر، نصیر آباد ڈویژن اور آواران سمیت مختلف علاقوں کی سیٹلائٹ کے ذریعے لی گئی تصاویر بھی دکھائیں۔ بعد ازاں چیئرمین سپارکو نے وزیراعلیٰ کو یادگاری شیلڈ اور کوئٹہ شہر کا سیٹلائٹ امیج پیش کیا۔