عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے

93

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی114کے امیر میاں عبدالستاربیگا،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم اوردیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ غریب عوام پر ظلم کے مترادف ہے، عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے۔تعلیم اور صحت بہت اہم شعبے ہیں ان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔حکومت غریب مکاؤ پالیسیاں اپنا رہی ہے۔ وزارت صحت کی نااہلی اور ملی بھگت سے چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث ادویات بے پناہ مہنگی ہونے کے باعث پہلے ہی مریضوں کی پہنچ سے دور تھیں رہی سہی کسر موجودہ حکومت نے اضافہ کرکے نکال دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ڈرگ قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث دواساز کمپنیاں قیمتوں میں غیر اعلانیہ اضافہ کر رہی ہے جو ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ سے غریب علاج سے محروم ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں غریب کو ڈسپرین کی ایک گولی نہیں ملتی جبکہ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے ہوئے جاگیر دار اور سرمایہ دار غریب قوم کے پیسے سے بیرون ملک جاکر علاج کرواتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سرکاری خزانے سے بیرون ملک علاج پر پابندی عائد کرے۔