ملک کے بیشتر علاقوں میں برفباری و بارش، کراچی میں بھی رم جھم کا امکان

54

کوئٹہ (نمائندہ جسارت/ مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد ار خشک رہے گا جبکہ کوئٹہ اور بالائی علاقوں میں برفباری اور صوبے کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ہے اور کراچی میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق بادل برسانے والا سسٹم ہفتے کی رات سے بلوچستان میں داخل ہوجائیگا۔ ہفتے کی رات اور اتوار کے روز کوئٹہ، پشین، زیارت، قلات، تربت، گوادر، سبی، نصیر آباد، مکران ڈویژن، ملاکنڈ، ہزارہ، مردان، ڈی آئی خان، ڈی جی خان، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات
پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ پشاور، کوہاٹ، بنوں، سرگودھا، گوجرانوالا، ملتان، ژوب، شہید بینظر آباد، سکھر، لاڑکانہ ڈویژن میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ اس دوران ملاکنڈ ڈویژن سوات، چترال، کالام، مالم جبہ، اپردیر، ہزارہ ڈویژن، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درمیانی شب سے شدید برفباری کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ آئندہ 48 سے 72 گھنٹوں تک جاری رہیگا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا تاہم ملاکنڈ ڈویژن، کشمیر اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور برفباری ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش کالام 9، گلگت 8، مالم جبہ 4، بگروٹ 3، دیر 2، گڑھی دوپٹہ 2، مظفرآباد میں 1 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ کالام میں 2 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ ہفتے کو ریکارڈ کیے گئے سرد ترین مقامات کار درجہ حرارت تربت منفی 12، استور منفی 10، گوپس منفی 9، کوئٹہ، بارکھان، بگروٹ منفی 8، کالام منفی 7، اسکردو منفی 6، ہنزہ منفی 5، پارہ چنار، مالم جبہ منفی 3، زیارت، دیر منفی 2، ژوب، قلات، دروش اور راولا کوٹ میں منفی 1 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔