جماعت اسلامی کے وفدکی عابدہ ملاح کے لواحقین سے اظہارہمدردی

47

ٹھٹھہ(نامہ نگار)جماعت اسلامی سندھ کا ایک وفد ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالحفیظ بجارانی کی قیادت میں ٹھٹھہ کے قریب ’’ور‘‘ شہر میں پولیس گردی کا نشانہ بننے والی عابدہ ملاح کے لواحقین کے پاس پہنچ کر اظہار ہمدردی کی اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا، اس موقع پر شہید بچی کے والد محمد ہاشم ملاح، سماجی رہنما آدم گندرو، جماعت اسلامی کے غلام شفیع سموں ودیگر بھی ان کے ساتھ تھے، جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالحفیظ بجارانی نے ایک ماہ گزرجانے کے باوجود دہشت گردی کا نشانہ بننے والی عابدہ ملاح کے لواحقین کو انصاف نہ ملنا قانون کا مذاق اور سندھ حکومت کی اس المناک واقعے پر خاموشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ واقعہ کسی بڑے شہر اور بڑے گھرانے میں ہوتا تو این جی اوز سمیت میڈیا آسمان سر پر اٹھالیتا مگر غریب مچھیرے کی بچی اور گاؤں میں ہونے کی وجہ سے میڈیا خاموش اور این جی اوز سمیت حقوق نسواں کے دعویداروں نے چپ سادھ رکھی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کو قرار واقعی سزا اور لواحقین کی مالی امداد کی جائے۔ جماعت اسلامی کے وفد نے مرحومہ کی مغفرت کی دعا اور لواحقین کو یقین دلایا کہ ان کا کیس سندھ اسمبلی سمیت ہر فورم پر اٹھایا جائے گا۔