شعبے ٹیکنالوجی کے نشانے پر

172

بی بی سی
دنیا میں ہونے والی سائنسی ایجادات کے بعد کئی شعبے پہلے ہی تقریباً ختم ہو چکے ہیں یا اپنے اختتام کو پہنچنے والے ہیں۔ اسی دوران ماہرین نے خطرات کا شکار مزید ایسے شعبوں کی نشاندہی کی ہے، جن میں سے کچھ تو ایسے ہیں جنہیں اب تک محفوظ سمجھا جارہا تھا، کیونکہ ان کے لیے انتہائی قابل اور پیشہ ور ماہرین کی ضرورت پڑتی ہے جیسے کہ طب اور قانون ماہرین کا کہنا ہے کہ ‘ڈاکٹر اور سائنس دان غائب نہیں ہو جائیں گے لیکن ان کی مزدوری کا میدان جزوی طور پر کم ہو جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ ایسے 7 شعبے ہیں جو ٹیکنالوجی سے متاثر ہوں گے اور کچھ ایسے بھی یں جو بچ جائیں گے۔
1۔ ڈاکٹر
یہ دُور کی کوڑی لگتی ہے کیونکہ ڈاکٹروں کی ہمیشہ سے کمی رہی ہے اور بہت مانگ بھی، جبکہ تیزی سے بڑھتی ہوئی عالمی آبادی کے تناظر میں اس کی مانگ اور بھی زیادہ ہوتی ہوئی نظر آتی ہے۔ لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ طب کے بعض شعبے بیماری کی از خود تشخیص کے نتیجے میں خطرے سے دو چار ہوں گے۔ اس کے باوجود ڈاکٹر اور تربیت یافتہ طبی معاون کی ایمرجنسی روم میں ضرورت رہے گی اس کے علاوہ سرجن جیسے ماہرین کی بھی مانگ رہے گی۔
2۔ وکلا
ماہرین کا خیال ہے کہ مستقبل میں دستاویزات کی جانچ پڑتال اور ان جیسے دوسرے معمول کے کاموں کے لیے وکیلوں کی کم ہی ضرورت ہوگی۔ ایسے قانونی کاموں کے لیے کمپیوٹر سافٹ ویئر کا استعمال ہوگا جس میں کم تجربے اور مہارت کی ضرورت ہو۔
3۔ ماہرِتعمیرات
عام اور سادہ سی عمارت کے ڈیزائن سافٹ ویئر کی مدد سے تیار کیے جانے لگے ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ مستقبل میں صرف تخلیقی اور فنی صلاحیتوں کے حامل ماہر فن تعمیرات ہی اس کاروبار میں بچ جائيں گے۔
4۔ اکاؤنٹنٹس
ماہرین بتاتے ہیں کہ مستقبل میں ٹیکس کے پیچیدہ مسائل کو حل کرنے والے اکاؤنٹنٹس ہی بچیں گے۔ ان کے خیال میں چھوٹے موٹے ٹیکس کا کام کرنے والوں کی مانگ ختم ہو جائے گی۔
5۔ جنگی جہاز کے پائلٹ
غیر انسانی ہوائی گاڑیاں (یو اے وی) جنہیں عرف عام میں ڈرونز کے نام سے جانا جاتا ہے، نے خطرناک صورت حال سے نمٹنے کے لیے پہلے ہی پائلٹ کی جگہ لے لی ہے اور وہ ایسا کرتے رہیں گے کیونکہ مستقبل میں جنگ زیادہ سے زیادہ خود کار ڈھنگ سے لڑی جائے گی۔
6۔ پولیس اور جاسوس
معمول کی نگرانی کے کام کے لیے اور معمولی جانچ کے کام کے لیے پہلے سے ہی پیچیدہ ٹیکنالوجی کے نظام کا استعمال ہونے لگا ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ گو کہ اس کام لیے ملازمتیں ختم نہیں ہوں گی لیکن ان کی مانگ کم ضرور ہو جائے گی۔
7۔ ریئل سٹیٹ ایجنٹ
کھانے پینے کی اشیا اور خرید و فروخت کے دوسرے شعبوں کی طرح زمین اور مکان کی تجارت پر بھی ویب سائٹس اثر انداز ہوئی ہیں اور ان کے خریدنے اور فروخت کرنے والوں میں رابطہ پید کرنے کی وجہ سے روایتی مڈل مین کے منافع میں کمی آئی ہے۔ ایسے میں کمپنیوں کے ثالثی کرنے والے منیجر غائب ہو جائيں گے کیونکہ مجموعی طور پر ان کے کام پر ٹیکنالوجی اثر انداز ہونے لگی ہے۔
ٹیکنالوجی کی وجہ سے کون سا پیشہ پیدا ہوگا؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کے سبب جہاں کچھ پیشوں کی بنیاد ختم ہو جائے گی وہیں دوسری جانب مواقع پیدا ہوں گے۔ مصنوعی ذہانت کا نظام تیار کرنے والوں یا سافٹ ویئر اور کمپیوٹر

کا الگورِتھم تیار کرنے والوں کا مستقبل روشن ہے اس کے ساتھ اس نظام کا تحفظ اور مرمت کرنے والے انجینئرز کی مانگ میں اضافہ ہوگا۔ ماہرین کے مطابق حقیقی زندگی سے جڑے روایتی کاموں کے کرنے والوں کی مانگ زیادہ ہوگی جن میں پلمبر، بجلی ٹھیک کرنے والے اور ہنرمند راج مستری یا معماروں کی مانگ بہت زیادہ رہے گی۔