ساہیوال کے دلخراش واقعہ پر قوم افسردہ اور غمزدہ ہے، میاں اجمل حسین

52

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115 کے امیر میاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ نے اپنے مشترکہ بیان میں سانحہ ساہیوال پر گہرے غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کی حفاظت کرنے والے ہی قاتل بن جائیں تو معاشرے تباہ و برباد ہوجاتے ہیں۔ نئے پاکستان کے دعویداروں نے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے ثابت کیا ہے کہ وہ بھی قاتلوں کے ساتھی ہیں۔ معصوم بچوں کی موجودگی میں ان کے والدین کو گولیوں سے بھوننے والے کسی بھی طرح انسان کہلانے کے حقدار نہیں، دہشت گردوں کو قابو کرنے والے اہلکار اپنی نوکریوں کو محفوظ بنانے کے لیے معصوم لوگوں کو قتل کررہے ہیں۔ سیکڑوں بے گناہ افراد کو دہشت گردی کے نام پر اغوا کیا جاتا ہے اور پھر اپنے تمغوں اور پروموشن کے لیے انہیں قتل کرکے دہشت گرد قرار دے دیا جاتا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ حکمرانوں کے ایماء پر غیر ملکی آقاؤں کی خوشنودی اور امریکا سے تعلقات کے خاطر معصوم لوگوں کو دہشت گرد قرار دے کر قتل کیا جارہا ہے جو فرعونیت کے زمرے میں آتا ہے۔ پوری قوم اس دلخراش واقعہ پر افسردہ اور غمزدہ ہے لیکن حکمران اور ان کے وزرا سی ٹی ڈی کے قاتل اہلکاروں کو بچانے کے لیے سرتوڑ کوشش کررہے ہیں، جسے قوم کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔