محکمہ انسداد دہشت گردی نے دو گھر اجاڑ دیے، عنایت بیگم

102

پشاور (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ خواتین خیبر پختونخوا کی ناظمہ عنایت بیگم نے ساہیوال واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس کو انسانیت کے نام پر سیاہ دھبہ قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں عنایت بیگم کا کہنا تھا کہ ساہیوال واقعہ شرمناک اور انسانیت سوز ہے۔ قانون کے محافظ سرعام قانون شکنی کرتے ہوئے لوگوں کو قتل کرنے لگیں تو معاشرے کا اللہ ہی حافظ ہے۔ محکمہ انسداد دہشت گردی کی غلطی اور نااہلی نے دو گھر اجاڑ دیے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کے رد عمل میں ہی مجرم جنم لیتے ہیں۔ جعلی مقابلے میں بیوی، بیٹی سمیت مارے جانے والے شخص کو انصاف کہاں سے ملے گا۔ کوئی اگر مجرم بھی ہے تو اسے بھی سرعام ماورائے عدالت قتل کرنے کا حق کسی کو نہیں، سب کو عدالت میں پیش کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی اس طرح کے واقعات ہوتے رہے ہیں یہ موجودہ حکومت کی ذمے داری ہے کہ ایسے واقعات کا تدارک کرے۔ انہوں نے چیف جسٹس سے واقعہ کا از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔