سانحہ ساہیوال نے پوری قوم کو رنج و غم میں مبتلا کردیا، عارف شیرازی

43

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے سانحہ ساہیوال کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور اس افسوسناک واقعہ میں ملوث اہلکاروں کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ ساہیوال کے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے ٗ کم ہے۔ سی ٹی ڈی کے اہلکاروں کو قتل کرنے کا لائسنس کس نے دیا ہے؟۔ یہ کھلم کھلا ریاستی دہشت گردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ پر وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کے ذمے داروں کی طرف سے مسلسل غلط بیانی کی گئی اور موقف تبدیل کیے گئے ہیں جو افسوسناک اور شرمناک صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ماورائے عدالت قتل کی ذمے داری وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب پر عائد ہوتی ہے۔ دن دہاڑے قتل عام کی ایف آئی آر نا معلوم افراد کے نام کاٹی گئی ہے۔ سی ٹی ڈی کے اہلکاروں اور ان کے ذمے داروں کو ایف آئی آر میں کیوں شامل نہیں کیا گیا؟۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ساہیوال نے پوری قوم کو رنج و غم میں مبتلا کردیا ہے۔ معصوم بچوں کی بے بسی اور مظلومیت دیکھی نہیں جاتی۔ ساہیوال کا یہ واقعہ موجودہ حکومت کے لیے ایک ٹیسٹ کیس ہے۔ افسوس کہ دہشت گردی کو روکنے والے ہی دہشت گردی پر اُتر آئے ہیں۔ سید عارف شیرازی نے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ سے اپیل کی ہے کہ وہ سانحہ ساہیوال کا ازخود نوٹس لے کر تحقیقات کروائیں اور قوم کو اصل حقائق سے آگاہ کریں۔ اس واقعہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں اور سانحہ کے متاثرہ خاندان کو انصاف دلائیں۔