آئی ٹی کی بدولت ملک کے حالات بدل جائیں گے ، خالد مقبول صدیقی

80

لاہور (اے پی پی) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ آنے والے وقتوں میں آئی ٹی کی بدولت ملکی حالات بدلیں گے، سافٹ ویئر کے ذریعے ایک بلین ڈالر کما رہے ہیں، جو آئندہ سال 5 سے 7 بلین تک ہوجائیں گے، کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان کو ڈیجیٹلائز کریں، اس کے لیے پاکستانیوں کو ہی تربیت فراہم کرنی ہے، سی پیک کے تحت آئی ٹی انڈسٹری کو بہت فروغ ملے گا اور اس سے سرمایہ کاری آئے گی، ایم کیو ایم متحد ہے، لیڈروں کی تقسیم سے کارکن تقسیم نہیں ہوئے، شخصیات کے آنے جانے سے جماعت کو کوئی فرق نہیں پڑتا، سانحہ ساہیول افسوسناک واقعہ ہے، دہشت گردی اس ملک کا سب سے بڑا چیلنج ہے، اس سانحہ کے ذمے داروں کو کڑی سزا ملنی چاہیے۔ وہ پیر کو ورچوئل یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ موبائل فون کی قیمت مزید کم کرنے اور وائی فائی کو فری کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ورچوئل یونیورسٹی ہماری آئی ٹی وزارت کے دائرے میں آتی ہے جس نے اپنے اندر ایک نئی دنیا بسائی ہوئی ہے، ملک میں غیر ترقیاتی علاقوں میں بھی تعلیم پہنچائیں گے پاکستان کو ڈیجیٹلائز کرنے کیلیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کے اندر اپنے ماہرین کو تیار کرنا ہے جس کے لیے تعلیمی میدان میں اضافی کورسز کرانا پڑے تو کرائیں گے تاکہ ہم عالمی معیار کے مطابق آگے بڑھ سکیں۔