ساہیوال واقعہ میں ایف آئی آر سے حکومتی بدنیتی عیاں ہے، راجا جواد

117
راولپنڈی: جماعت اسلامی کے ضلعی امیر راجا محمد جواد اور دیگر مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں
راولپنڈی: جماعت اسلامی کے ضلعی امیر راجا محمد جواد اور دیگر مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجا محمد جواد نے کہا ہے کہ ساہیوال میں کھلی دہشت گردی پر نامعلوم افراد کے نام ایف آئی آر سے حکومتی بدنیتی عیاں ہے، کسی حکومتی کمیٹی پر عوام کو اعتماد نہیں۔ عدالت عظمیٰ ازخود اس واقعہ کی تحقیقات کروا کر قاتلوں کو عبرت کا نشان بنائے۔ اگر لاٹھی گولی کے ذریعے انصاف کرنا ہے تو عدالتوں کو تالے لگوا دیں۔ وزیر اعلیٰ چند روپے دے کر بچوں سے ان کے والدین کے ناحق قتل کا سودا کرنا چاہتے ہیں۔ اس دہشت گردی پر پوری قوم افسردہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نومنتخب ضلعی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری سید امجد حسین شاہ، نائب امرائے ضلع ظفرالحسن جوئیہ وجاوید احمد قریشی، صدر مشاورتی وسیاسی کونسل شمس الرحمن سواتی، انعام الحق اعوان، غلام مجتبیٰ عباسی سمیت ضلع بھر سے امرائے زون واراکین شوریٰ نے اظہار خیال کیا۔ اجلاس میں سالانہ منصوبہ عمل پیش کیا گیا جبکہ بجٹ 2019ء کی منظوری دینے کے علاوہ 12 نئے ارکان بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔ راجا محمد جواد نے کہا کہ تحصیل وزونل اور یونین کونسل سطح تک تنظیم کی مضبوطی کے لیے ازسرنو صف بندی کررہے ہیں۔ ارکان وکارکنان کی تربیت کے لیے موثر حکمت عملی پلان کرلی ہے۔ 23,24 فروری کو المرکز تحریک محنت واہ کینٹ میں ضلع بھرکے ارکان، امیدواران اور کارکنان کی دو روزہ ٹریننگ ورکشاپ منعقد کریں گے۔