مستونگ میں پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ شہید

99

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ، پائلٹ شہید۔ لیویز کے مطابق بدھ کی صبح پاک فضائیہ کا ایف سیون پی جی طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ اچانک مستونگ سے تقریباً 25 کلومیٹر دور کھڈ کوچہ کے علاقے فاروق آباد میں باغ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ پاک فضائیہ کی تصدیق پائلٹ فلائٹ لیفٹیننٹ محمد طاہر اکبر شہید ہوگئے ۔ اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر مستونگ ممتاز کھیتران سمیت لیویز، پولیس، ایف سی اور پاک فضائیہ کے اہلکار اور افسران موقع پر پہنچ
گئے۔ پاک فضائیہ کے اہلکاروں نے طیارے کا ملبہ تحویل میں لیا۔شہید پائلٹ کی لاش ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل ۔ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ پائلٹ نے پیرا شوٹ کھولنے کی کوشش کی مگر نچلی پرواز کی وجہ سے پیراشوٹ بروقت کھل نہ سکا اور طیارہ بجلی کے تاروں سے ٹکراتے ہوئے ایک باغ میں گرا۔ عینی شاہدین کے مطابق طیارے میں آگ لگی ہوئی تھی ۔فوری طورپرحادثے کی وجہ معلو م نہیں ہوسکی ۔ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کیلیے ائر ہیڈ کوارٹر میں بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا ہے۔