پیراگون ہاؤسنگ کیس،وعدہ معاف گواہ بننے پر قیصر امین بٹ کی ضمانت منظور

61

لاہور (نمائندہ جسارت) قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے پیراگون ہاؤسنگ کیس میں گرفتار قیصر امین بٹ کے وعدہ معاف گواہ بن جانے پر لاہور ہائیکورٹ نے ان کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ عدالت عالیہ نے قیصر امین بٹ کو 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا۔ قیصر امین بٹ کی درخواست ضمانت پر لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس ملک شہزاد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔دوران سماعت پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ قیصر امین بٹ پیراگون کیس میں وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں، ان کی ضمانت منظور ہونے پر نیب کو کوئی اعتراض نہیں۔ ادھر قیصر امین بٹ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل نے وعدہ معاف گواہ بن کر بیان ریکارڈ کروادیا اور چیئرمین نیب نے بھی انہیں معافی دے دی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے موکل نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی میں کرپشن کا تمام احوال بیان کردیا ہے، نیب قانون کے مطابق چیئرمین نیب کی معافی کے بعد درخواست گزار کو رہا کیا جاسکتا ہے۔ قیصر امین بٹ نے عدالت کو یقین دہانی کراتے ہوئے استدعا کی تھی کہ کہیں فرار نہیں ہوں گا، ہر قسم کی ضمانت دینے کے لیے تیار ہوں، اس لیے جیل سے رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔جس پر عدالت نے قیصر امین بٹ کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ خیال رہے کہ نیب لاہور نے خواجہ برادران کی گرفتاری کی وجوہات جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ خواجہ سعد رفیق نے اپنی اہلیہ، بھائی سلمان رفیق، ندیم ضیا اور قیصر امین بٹ سے مل کر ائیر ایونیو سوسائٹی بنائی اور بعد میں ائیر ایونیو کا نام تبدیل کرکے پیراگون رکھ دیا گیا۔ عدالت کو بتایا گیا تھا کہ قیصر امین بٹ نے بیان دیا کہ خواجہ برادران پیراگون سٹی کے اصل مالک ہیں جبکہ ہمیں تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ 2 ارب روپے کے کمرشل پلاٹ غیر قانونی طور پر بیچے گئے۔