جماعت اسلامی یکم فروری سے ہفتہ یکجہتی کشمیر منائے گی،سیدعارف شیرازی

95

راولپنڈی (وقائع نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی یکم فروری سے ملک بھر میں ہفتہ یکجہتی کشمیر منائے گی۔اس ہفتے کے دوران ریلیاں اور جلوس نکالے جائیں گے۔سیمینار اور آل پارٹیز منعقد کی جائیں گی ۔مساجد میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی قراردادیں منظور کی جائیں گی ٗ جبکہ علما ء کرام اس حوالے سے خصوصی خطاب کریں گے۔ بڑے بڑے شہروں اور ضلعی ہیڈ کوآرٹرز پر پریس کانفرنسیں ہوں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودی ؒ بلڈنگ میں ضلعی اور زونل عہدیداران کے ایک خصوصی مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ہفتہ یکجہتی کشمیر کے پروگرامو ں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اورمختلف انتظامی کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں ۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ5 فروری کو بعد نماز ظہر آبپارہ اسلام آباد میں یکجہتی کشمیر ریلی ہوگی ۔ راولپنڈی کے تمام قافلے 12 بجے دن گلشن دادن خان مری روڈ راولپنڈی کے مقام پر اکٹھے ہو گے ۔وہاں سے ایک بڑی ریلی اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی انتہا کر دی ہے۔ بھارتی مسلح افواج اور سیکورٹی کے دیگر اداروں کے اہلکارمقبوضہ کشمیر میں بے گناہ اور نہتے کشمیریوں کا قتل عام کر رہے ہیں۔ عورتوں کی ساتھ زیادتی اور معصوم بچوں اور نوجوانوں کو خاص طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مظلوم کشمیریوں کے کاروبار اور املاک کو بھی تباہ و برباد کیا جا رہا ہے۔ افسوس کہ اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کے عالمی ادارے بھارتی ظلم پر مجرمانہ خاموشی اختیارکیے ہوئے ہیں۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ 5 فروری کی یکجہتی کشمیر ریلی میں مردوں کے علاوہ خواتین اور بچے بھی شریک ہوں گے۔