سکھر، کسٹم کی جانب سے منشیات اور اسمگل شدہ سامان نذر آتش

121

سکھر (نمائندہ جسارت) محکمہ پاکستان کسٹم سکھر کی جانب سے پکڑی جانے والی منشیات اور اسمگل شدہ سامان نذر آتش کیا گیا، کسٹم کے ڈپٹی کلیکٹر کلیم اللہ وگن نے مختلف حساس اداروں کے سربراہوں کے سامنے ان اشیا کو نذر آتش کیا۔ نذر آتش کی جانے والی منشیات میں 16 ہزار کلو سے زائد پوست کی ڈوڈی، اسمگل شدہ مضر صحت غیر ملکی گٹکا اور سگریٹ بھی شامل ہیں۔ مزید برآں کسٹم کی جانب سے ہزاروں فائر کریکر اور پٹاخے بھی تلف کیے گئے۔ ڈپٹی کلیکٹر کسٹم کلیم اللہ وگن نے کہا ہے کہ کسٹم کا عملہ مستقل طور پر منشیات اور غیر ملکی سامان اسمگل کرنے والوں کیخلاف کارروائیوں میں مصروف ہے۔ گزشتہ 6 ماہ کے دوران مختلف کارروائیوں میں ساڑھے 6 لاکھ لیٹر ایرانی اسمگل شدہ ڈیزل قبضے میں لیا گیا۔ کسٹم نے مختلف کارروائیوں میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان جن میں ٹائر اور موٹر سائیکلیں شامل ہیں تحویل میں لے لیں۔ قبضے میں لیے گئے ایرانی ڈیزل کی مالیت کم و بیش 5 کروڑ روپے ہے۔