ساہیوال آپریشن حکومت پنجاب کی طرف سے درست قراردینا افسوس ناک ہے

41

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی 117کے امیر عمران رشیدنے نے کہا ہے کہ ساہیوال آپریشن کوحکومت پنجاب کی طرف سے درست قراردینا افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔صوبائی وزیر قانون راجا بشارت نے ایسے بیانات دے کر جے آئی ٹی کی رپورٹ کو مشکوک بنادیا ہے۔ ایک طرف ذیشان کو دہشت گرد قراردیاجارہاہے جبکہ دوسری طرف پنجاب حکومت کی جانب سے سانحہ ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں شہید ہونے افراد کے لیے 2کروڑ روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیاجارہا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت کے مسلسل بدلتے ہوئے بیانات سے محسوس ہوتا ہے کہ سانحہ ساہیوال میں قانون نافذ کرنے والے ادارے،افسران اور اہلکاروں کی مجرمانہ غفلت کو چھپانے اور ملزمان کو بچانے کے لیے جھوٹا پروپیگنڈا کرکے عوام کو گمراہ کیاجارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ جس روز سانحہ ساہیوال ہواتھا اسی روز حکومت پنجاب نے گاڑی میں موجود تمام افراد کو دہشت گرد قرار دیا تھا اور اب ذیشان کو دہشت گردقرار دیاجارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ مستقبل میں سانحہ ساہیوال جیسے افسوس ناک واقعات سے بچنے کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اصلاح اور تربیت ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے لواحقین کو بھی آج تک انصاف نہیں مل سکا ہے۔