فیصل آباد، الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت یتیم بچوں میں ونٹر پیکیج کی تقسیم

452

 

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام آرفن کیئر پروگرام کے تحت یتیم بچے اور بچیوں میں کفالت یتامیٰ پروگرام کے تحت یتیم بچوں میں ونٹر پیکج گرم کپڑے تقسیم کرنے کی تقریب الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی سیکرٹریٹ اکبر آباد چوک میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری علی احمد گورایہ، انچارچ آرفن کیئر پروگرام لیاس منج، میاں افتخار علی نے گرم کپڑے اور دیگر تحائف تقسیم کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی جنرل سیکرٹری علی احمد گورایہ نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت فیصل آباد شہر کے سیکڑوں یتیم بچوں کو اسکالر شپ ماہانہ بنیادوں پر فراہم کی جاتی ہے۔ الخدمت فاونڈیشن معاشرے میں یتیم بچوں کو تعلیم کے ذریعے ایک اچھا شہری بنانا چاہتی ہے، تاکہ یہ بچے پڑھ لکھ کر ملک و قوم اور ملت کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن آرفن کیئر پروگرام کے تحت ملک بھر کے 10 ہزار سے زائد یتیم بچوں کو تعلیم، خوراک، تربیت اور ذہنی و جسمانی نشوونما کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی صحت کا بھی خصوصی خیال رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن یتیم بچوں کو کسی بھی موقع پر تنہا نہیں چھوڑنا چاہتی۔ ہم مخیر حضرات کے تعاون سے بچوں اور ان کے گھروں میں خوشیاں بکھیرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی سب سے بڑی فلاحی تنظیم ہے، جس نے ہر شعبہ ہائے زندگی میں کام کیا ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن یتیم بچوں کی کفالت سے لے کر قدرتی آفات سے متاثر ہونے والے افراد کی مکمل بحالی تک ہر قدم پر قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ 2008ء کا خوفناک زلزلہ ہو یا 2010ء کا تباہ کن سیلاب جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے رات دن انتھک محنت کی اور ہروقت ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار رہتے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا بھی متعدد بار اس بات کا برملا اظہار کرچکا ہے کہ پاکستان میں فلاحی کاموں میں الخدمت فاؤنڈیشن کے کارنامے قابل ستائش ہیں۔ جماعت اسلامی کی الخدمت فاؤنڈیشن کے آرفن کیئر پروگرام کے تحت ملک بھر سے ہزاروں یتیم بچوں کی ان کے گھروں پر کفالت کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ 20 بڑے شہروں میں آغوش کے نام پر پروجیکٹس بھی چل رہے ہیں، جن میں ہزاروں بچے مقیم ہیں۔