حکومت غریب مکاؤ پالیسیاں اپنارہی ہے ،رانا عدنان خان

57

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر راناعدنان خاں،جنرل سیکرٹری چودھری عمرفاروق گجرنے کہا ہے کہجان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ غریب عوام پر ظلم کے مترادف ہے، عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے۔تعلیم اور صحت بہت اہم شعبے ہیں ان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔حکومت غریب مکاؤ پالیسیاں اپنا رہی ہے۔ وزارت صحت کی نااہلی اور ملی بھگت سے چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث ادویات بے پناہ مہنگی ہونے کے باعث پہلے ہی مریضوں کی پہنچ سے دور تھیں رہی سہی کسر موجودہ حکومت نے اضافہ کرکے نکال دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ڈرگ قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث دواساز کمپنیاں قیمتوں میں غیر اعلانیہ اضافہ کر رہی ہے جو ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ سے غریب علاج سے محروم ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں غریب کو ڈسپرین کی ایک گولی نہیں ملتی جبکہ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے ہوئے جاگیر دار اور سرمایہ دار غریب قوم کے پیسے سے بیرون ملک جاکر علاج کرواتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سرکاری خزانے سے بیرون ملک علاج پر پابندی عائد کرے۔
سرگودھا ،قطرے پلانے سے انکار، شہری نے پولیو رضاکاروں کو کمرے میں بند کردیا
سرگودھا(آ ئی این پی) صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں ایک شخص نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرتے ہوئے پولیو ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنایا۔جمعرات کوپولیس کے مطابق سرگودھا کے علاقے کوٹ راجا میں پولیو ٹیم قطرے پلانے میں مصروف تھی کہ شمشیر نامی ایک شخص نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کردیااور صرف یہی نہیں قانونی کارروائی کی دھمکی پر مذکورہ شخص اور اس کے اہلخانہ نے پولیو ٹیم کی 2 خواتین رضاکاروں سے بدتمیزی کی، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور کچھ دیر کے لیے کمرے میں بند کردیا ، پولیس نے 5 ملزمان کے خلاف واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی، تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔