تند و روں کے لیے گیس کی پرانی قیمت بحالی پر حکومت کے مشکور ہیں ۔ احمد حسن مغل

203

 

 

اسلام آباد : اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے تندور کا کاروبار کرنے والوں کیلئے گیس کی پرانی قیمت بحال کرنے پر وزیر خزانہ اسد عمر اور سوئی ناردن گیس کمپنی کی انتظامیہ شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت نے تندوروں کیلئے گیس کی پرانی قیمت بحال کر کے نہ صرف عوام کو مہنگائی سے بچایا ہے بلکہ اس شعبے کے کاروباری طبقے کو بھی بے روزگار ہونے سے بچا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے کاروبار دوستانہ اقدامات کی وجہ سے ملک میں خاص طور پر چھوٹے کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی ہو گی ، کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا اور معیشت پائیدار ترقی کے راستے پر گامزن ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل نان بائی ایسوسی ایشن اسلام آباد کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس نے ایسوسی ایشن کے صدر فضل کریم عباسی کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تندورں کیلئے گیس کی پرانی قیمت بحال کرانے پر چیمبر کے عہدیداران کا شکریہ ادا کیا۔ وفد میں ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر حاجی پرویز ، جنرل سیکرٹری سردار الطاف حسین ، چیئرمین حاجی محمد صابر، سردار مظہر جوئنٹ سیکرٹری اور دیگر شامل تھے۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ حکومت نے ستمبر میں گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا جس کے نتیجے میں تندور کا کاروبار کرنے والوں کیلئے گیس کی قیمت 700روپے سے بڑھا کر 980روپے فی ملین برٹش تھرمل یونٹس کر دی گئی تھی۔ لیکن کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر قیادت نومبر میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس میں تندور کا کاروبار کرنے والوں کیلئے گیس کی 700روپے ایم بی بی ٹی یو کی پرانی قیمت بحال کر دی تھی تا کہ روٹی مہنگی نہ ہونے پائے۔ تاہم اس فیصلے کے باوجود تندوروں کو نئے ریٹ پر بل بھیجے جا رہے جس وجہ سے اس شعبے کا کاروبار متاثر ہو رہا تھا اور بہت سے لوگ بے روزگار ہونے کا خدشہ پید اہو گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ چیمبر نے یہ معاملہ وزیر خزانہ اور محکمہ سوئی گیس کی انتظامیہ کے ساتھ اٹھایا جس کے نتیجے میں تندوروں کیلئے گیس کی پرانی قیمت بحال کر دی گئی ہے جو قابل ستائش اقدام ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حکومت آئندہ بھی چھوٹے کاروباری طبقے کے مسائل کو اسی جذبے سے حل کرے گی۔ انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ چیمبر آئندہ بھی ان کے مسائل کو حل کرانے میں تعاون کرتا رہے گا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جنرل نان بائی ایسوسی ایشن اسلام آباد کے صدر فضل کریم عباسی اور جنرل سیکرٹری سردار الطاف حسین نے حکومت اور محکمہ گیس کے ساتھ مل کر تندوروں کیلئے گیس کی پرانی قیمت کرانے پر چیمبر کے عہدیداران کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کی بروقت مداخلت سے تندوروں کا کاروبار تباہ ہونے سے بچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدور طبقہ اور عام عوام تندور سے روٹی و نان خریدتے ہیں اور حکومت کے مثبت فیصلے سے نہ صرف تندورکا کاروبار کرنے والے بے روزگار ہونے سے بچ گئے ہیں بلکہ عام عوام کو بھی غیر ضروری مہنگائی سے بچا لیا گیا ہے۔