پی ٹی آئی نے اپنے انتخابی وعدے فراموش کر دیے ہیں،خالد محمود

94

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) پریم یونین کے مرکزی رہنما خالد محمود چودھری نے کہا ہے کہ ملازمین کو توقع تھی کہ منی بجٹ میں ان کی تنخواہوں میں بھی اضافہ ہو گا مگروزیر خزانہ نے حکومت سے وابستہ تمام توقعات کو خاک میں ملادیاہے، پی ٹی آئی نے اپنے انتخابی وعدے فراموش کر دیے ہیں، مراعات یافتہ طبقہ کو تو مزیدنواز دیا ہے مگردن رات اپنے وطن کی خدمت پر معمور ملازمین کو کسی قسم کا ریلیف نہ دے کر ان کے زخموں پر نمک چھڑکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کون لیگ اور پیپلز پارٹی کے عبرت ناک انجام سے سبق سیکھنا چاہیے۔ حکومت غربت کے خاتمہ کے بجائے غریب کا خاتمہ چاہتی ہے ، غریب سرکاری ملازمین کے چولہے ٹھنڈے پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی کی موجودہ لہر نے غریب آدمی کے لیئے جینا مشکل کر دیا ہے۔ قومی دولت کی لوٹ کھسوٹ سے جہاں ملکی معیشت کا بیڑہ غرق اور ترقی کا پہیہ جام ہواہے وہاں دوسری طرف مہنگائی ، بے روز گاری سے عوام کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ گئی ہے ۔ حکومت نے غریب مزدوروں سے سے عزت سے جینے کا حق چھین لیاہے ۔انہوں نے کہاکہ سابقہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت بھی عوام کو مہنگائی ، بے روزگاری اور بدامنی کے سوا کچھ نہیں دے سکی انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدالت عظمیٰ کے احکامات کے مطابق کنٹریکٹ افسران کو فوری فارغ کیا جائے اور تمام عارضی ملازمین کو مستقل کیا جائے،پے اینڈ پنشن کمیٹی کی سفارشات کے مطابق ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے،ہاؤس رینٹ میں مہنگائی کے حساب سے اضافہ کیا جائے ۔ ریلوے میں سیاسی بنیادوں پر بھرتی کے بجائے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کا کوٹہ مقرر کیا جائے۔ گزشتہ کئی برسوں سے ریلوے ملازمین کو ٹی اے اور گریجویٹی کی ادائیگی نہیں کی جارہی ہے جبکہ تعمیراتی فنڈز کے نام پر تنخواہوں سے پانچ فیصد ناجائز کٹوتی کی جارہی ہے،اس کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔