5 فروری کو اسلام آباد میں یکجہتی کشمیر ریلی ہوگی،سید عارف شیرازی

114

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی ) امیرجماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ 5 فروری کو اسلام آباد میں یکجہتی کشمیر ریلی ہوگی۔راولپنڈی سے بھی عوام بڑی تعداد میں یکجہتی کشمیر ریلی میں شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودیؒ بلڈنگ میں ذیلی تنظیمات کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس میں جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد ٗ نائب اُمر اشیخ مسعود احمد ٗ چودھری منیر احمد اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا اور تجاویز پیش کیں۔ اس اجلاس میں 5 فرو ری یوم یکجہتی کشمیر ریلی کی تیاریوں اور انتظامات خاص طور پر ذیلی تنظیموں کے عہدیداران اور کارکنان کی شرکت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ یکجہتی کشمیر ریلی میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین اور بچے بھی شرکت کریں گے۔ راولپنڈی کی ریلی 12.30 بجے گلشن دادن خان مری روڈ سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگی۔اس ریلی میں جماعت اسلامی کی برادر اور ذیلی تنظیمیں بھی شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے ظلم و ستم کی انتہا کر دی ہے۔ نوجوانوں کو خاص طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ایک لاکھ سے زیادہ افراد کو شہید کیا گیا ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگ جیلوں اور ٹارچر سیلوں میں پڑے ہوئے ہیں۔ہزاروں افراد معذور اور زخمی ہیں ۔ عورتوں کے ساتھ زیادتی کو ایک جنگی حربے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت تمام تر جبر و تشدد کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزدی کو ختم نہیں کر سکا۔برہان مٖظفر وانی کی شہادت نے نوجوان نسل میں آزادی کے جذبے کو ایک بار پھر زندہ کر دیا ہے ۔