اسلام آباد چیمبر میں یو اے ای میں سرمایہ کاری کے تحفظ کے بارے میں آگاہی سمینار

280

اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے متحدہ عرب امارات کی لافرم بن نخیرہ اور اے این زیڈ پاکستان کے اشتراک سے یو اے ای میں سرمایہ کاری کے تحفظ اور ثالثی کے بارے میں ایک آگاہی سمینار کا انعقاد کیا تا کہ تاجر برادری کو متحدہ عرب امارات میں سرمایہ کاری کو محفوظ بنانے اور تنازعات کو ثالثی کے ذریعے حل کرنے کے طریقوں کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں۔
بیرسٹر عقیل ملک نے تاجر برادری کو بن نخیرہ کے پس منظر اور سرمایہ کاروں کی مدد کرنے میں اس کے کردار کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ بن نخیرہ کی بنیاد متحدہ عرب امارات کے سابق وزیر قانون و سابق اٹارنی جنرل عزت مآب بن نخیرہ، یو اے کی سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس ڈاکٹر عبدالوہاب عبدول اور محمود ابدو واصے نے رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بن نخیرہ نجی و سرکاری شعبے کی پارٹیوں کو مختلف قانونی معاملات میں معاونت فراہم کرتی ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بن نخیرہ اینڈ پارٹنرز کے نمائندے فرنانڈو اورٹیگا نے کہا کہ پاکستان کی ایک ہزار سے زائد کمپنیاں یو اے ای میں کاروبار کر رہی ہیں اور یو اے ای میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھنے والے پاکستانیوں کیلئے یہ ضروری ہے کہ یو اے ای میں سرمایہ کاری کے تحفظ اور ثالثی کے طریقہ کار کے بارے میں بہتر آگاہی حاصل کریں تا کہ وہ مسائل سے بچ سکیں۔ انہوں نے تاجر برادری کو اس موقع پر متحدہ عرب امارات میں سرمایہ کاری کے تحفظ اور ثالثی کے بارے میں تفصیلی پریزینٹیشن دی اور ان کو متعلقہ قوانین سے آگاہ کیا۔ اے این زیڈ پارٹنرز پاکستان کے نمائندے نبیل رحمٰن نے پاکستان میں غیر ملکی ثالثی ایوارڈز کے نفاذ اور عمل درآمد کے بارے میں شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔
سمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے متحدہ عرب امارات کی لا فرم بن نخیرہ کی طرف سے تاجر برادری کیلئے آگاہی سمینار منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ تاجر برادری کو اس سے یو اے ای میں سرمایہ کاری کرنے اور تنازعات کو نمٹانے کے بارے میں مفید معلومات فراہم ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے بھی غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کیلئے موثر قوانین بنائے ہوئے ہیں جس وجہ سے یو اے ای سمیت بہت سے غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں کامیاب کاروبار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی وجہ سے پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کا ایک نیا دور شروع ہو گیا ہے جبکہ پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مواقع پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی لا فرم کا چونکہ یو اے ای میں سرمایہ کاروں سے اکثر رابطہ رہتا ہے لہذا وہ یو اے ای کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سی پیک سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی حوصلہ افزائی کرے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر یو اے ای کے سرمایہ کاروں کو ان کوششوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔