صاف پانی کمپنی کرپشن کیس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روزہ توسیع 

56

لاہور(آن لائن)احتساب عدالت نے صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں ملزم قمرالسلام سمیت8 ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روزکی توسیع کردی۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو تاخیر سے آنے اور تیاری مکمل نہ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔عدالت نے قرار دیا عدالت اور ہتھکڑیوں میں جکڑے ملزم یہاں کھڑے ہیں اور آپ پتانہیں کہاں سوتے رہے، یہ تمام لوگ کیا آپ کے نوکر ہیں کہ انتظار کرتے رہیں حالانکہ آپ کو ان کے انتظار میں کھڑا ہونا چاہیے تھا، اپنے غیر سنجیدہ اور غیر ذمے دارانہ رویے کو درست کرنا پڑے گا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے افسر کو طلب کر لیا۔ عدالت نے مفرور 3 ملزمان محمد علی ، نورالدین اور مقصود احمد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ کیس کا چوتھا ملزم مسرور احمد ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت کرا کر عدالت میں پیش ہو گیا۔ قمر السلام اور وسیم اجمل سمیت دیگر ملزمان میں ریفرنس کی کاپیاں تقسیم کی جا چکی ہیں ۔ عدالت نے ملزمان نور الدین، محمد علی شیخ،کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ صاف پانی کمپنی کیس میں قمر السلام اور وسیم اجمل سمیت 20 ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا ہے ۔ ملزمان پر 34 کروڑ روپے سے زاید کی خوربرد کے الزام میں ریفرنس دائر کیا گیا ہے ۔ ملزم انجینئر قمر اسلام راجا پر 84واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کا ٹھیکہ غیر قانونی طورپر مہنگے داموں دینے کا الزام ہے ۔