سانحہ ساہیوال کے مظلوم خاندانو ں کو انصاف دیا جائے، طارق سلیم

78

راولپنڈی (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجا ب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ کپتان کے وسیم اکرم خزانے پر بوجھ ہیں، مسائل کے حل کی بجائے وہ عوام کے مسائل بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کررہے ہیں، ملتان دورے کے دوران 900پولیس افسران واہلکاران کو سیکورٹی پرمعمورکرنااوراہم مارکیٹس وکاروباری مراکزبند کروانا ناقابل فہم اور مسائل کی دلدل میں پھنسے تاجروں کی اذیت میں اضافہ کرنا ہے ،اتنے معصوم وزیراعلیٰ کوکس نے نقصان پہنچانا ہے، ضروری سیکورٹی ہونی چاہیے لیکن عوام اورتاجروں سے ذلت آمیزسلوک قابل قبول نہیں ہوسکتا۔ ارکان کے اجتماع سے خطاب اوروفود سے گفتگو کرتے ہوئے امیرصوبہ نے کہاکہ سانحہ ساہیوال کے مظلوم خاندانو ں کواب تک انصا ف تونہ مل سکا لیکن اس موقع پر بھی وزیراعلیٰ کے ساہیوال دورے کے دوران ان کے لیے قیمتی بیڈ شیٹ اور غیر ملکی ڈنرسیٹ خرید کرقومی خزانے کولاکھوں روپے کا ٹیکا لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان میں اسلامی نظریاتی بقاء اور اسے مدینہ جیسی اسلامی وفلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کررہی ہے، موجودہ اورسابقہ حکومتیں آج بھی لادین اور اسلام دشمن فیصلوں کے حوالے سے ایک پیج پر ہیں، حکومت سودی معیشت کے خاتمے کے بجائے جماعت اسلامی کی عدالت میں پٹیشن کے مقابلے میں اپنا وکیل بھیجتی ہے، جو سودی نظام کو جاری رکھنے کا دفاع کرتا ہے۔