اہلکاروں نے ہرغریب موٹرسائیکل سوار کاچالان کرنااپناوطیرہ بنالیا

49

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر راناعدنان خاں،جنرل سیکرٹری چودھری عمر فاروق گجرنے ہیلمٹ پہننے کی جبری پابندی کے باعث ٹریفک اہلکاروں کے غریب موٹرسائیکل سوار شہریوں کے ہزاروں روپے کے چالاج جرمانے کرنیکی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگرحکومت اورانتظامیہ کو شہریوں حفاظت کا اتناہی خیال ہے توہیلمٹ پرسبسڈی دے کرشہریوں کے چالان کرنے کے بجائے انہیں چالان کے پیسوں میں ہیلمٹ دیا جائے ، ڈی گراؤنڈ سیکٹرکے اہلکاروں نے ہرغریب موٹرسائیکل سوارکو روک کراس کاچالان کرنااپناوطیرہ بنالیاہے۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن اور کمیشن مافیا نے چند ٹکوں کی خاطر صوبے کے کروڑوں عوام کو مصیبت میں ڈال دیا ہے، مہنگائی، بے روز گاری اور لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام کے لیے یہ فیصلہ کسی عذاب سے کم نہیں،صوبے میں امن و امان کی ناقص صورت حال ہے ،سٹریٹ کرائم نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے اس پر یہ فیصلہ غریب عوام پر بجلی بن کر گرا ہے ۔ ہیلمٹ پہننے سے اسٹریٹ کرائم میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے وہ عوام کے ساتھ ہونے والی اس ناانصافی کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر اس حکم کو صوبے بھر میں لاگو کرنے کے فیصلہ کے پس پردہ حقائق کو جاننے کے لیے کمیشن قائم کریں اور صوبائی انتظامیہ کو بھی چالان کرنے کے احکامات واپس لینے کا حکم دیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی معمولی خلاف ورزیوں پر شہریوں کو بلا جو از پریشان کیا جاتا ہے اور بھاری جرمانے عائد کیے جارہے ہیں، اس کے بعد بینک اور کاغذات کے حصول کے لیے کئی دن ضائع ہوجاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر چوک میں کھڑے ٹریفک وارڈنز وارننگ دینے کے بجائے چالان پر چالان کیے جا رہے ہیں۔ ٹریفک پولیس نے شہر میں چلنے والی بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے بجائے سارا زور مطلوبہ ٹارگٹ اکٹھا کرنے پر لگا رکھا ہے،جبکہ ریلوے اسٹیشن چوک سمیت ہرچوک میں خراب ٹریفک اشارے ہیلمٹ نہ پہننے سے زیادہ خطرنا ک ہے۔