علما کرام جمعہ کے خطبات میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو اجاگر کریں

97

راولاکوٹ(وقائع نگارخصوصی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے اپیل کی ہے کہ علما کرام اور خطبا آج اپنے جمعہ کے خطبات میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو اجاگر کریں ، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے ،آپریشن آل آؤٹ کے نام پر کشمیر کو قتل گاہ میں تبدیل کر دیا ہے ،عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ،ملت اسلامیہ آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان بھرپور طریقے سے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ علماء کرام نے ہر دور میں ظلم کے خلاف آواز بلند کی ہے ،اللہ کے پیغام کو عام کیا ہے ،آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی آواز بنیں ان پر ہونے والے مظالم سے عوام کو آگاہ کریں ،رائے عامہ منظم کریں۔انہوں نے کہاکہ علما کرام اپنے خطبات میں مسئلہ کشمیر پر بات کریں تا کہ آزادکشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے آگاہ ہو سکیں ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی عشرہ یکجہتی کشمیر کے طور پر منارہی ہے اس حوالے سے مختلف پروگرامات ترتیب دے دیے گے ہیں کشمیر کی آزادی اور آزاد خطے کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہمارا ہدف ہے ہمارے اسلاف نے نہتے ہونے کے باوجود ڈوگروں کو مار بھگایا آج ہم ایٹمی طاقت ہیں بھارت کی فوج کا مقبوضہ کشمیر میں قبرستان بنے گا بھارت اپنے عہد کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق فراہم کرے تا کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں کشمیری تقسیم برصغیر کے نامکمل ایجنڈے کی تکمیل کی جدوجہد کررہے ہیں اس حوالے سے حکومت پاکستان اور عالمی برادری کی ذمے داری ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق دلائے ۔