سنگ دل ماں نے کمسن بچی کو سمندر میں پھینک دیا

535

کراچی: کلفٹن میں ڈھائی سالہ بچی کو سنگ دل  ماں  نے  سمندر میں ڈبو کر قتل کر دیا  جب کہ  بچی کی لاش آج صبح دو دریا کے قریب سے برآمد کر لی گئی ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ کے مطابق  گزشتہ شام   ڈیفنس فیز 8 میں  فرحان شہید پارک کے قریب شہرریوں کی نشاندہی پر 28 سالہ ملزمہ شکیلہ کو  ساحل پولیس  نےگرفتار کیا   تھا۔شہرریوں نے پولیس کو اطلاع دی تھی کے مذکورہ خاتون نے اپنی  ڈھائی سالہ بچی کو سمندر  میں ڈبو  کر قتل کر دیا۔

 پیر محمد شاہ کے مطابق  بچی انعم کی لاش آج عمار اپارٹمنٹ کے قریب دو دریا کے سمندر سے مل گئی  جب کہ  ملزمہ  کےخلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے  اور آج ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

 ایس ایس پی انویسٹی گیشن طارق دھاریجو کے مطابق خاتون نے بیان دیا ہے کہ اس کے شوہر نے ایک ماہ قبل اسے بلاوجہ گھر سے نکال دیا تھا اور اس کے باپ نے بھی گھر میں جگہ نہ دی، وہ دربدر ہوگئی تھی، جس بنا پر بچی سے چھٹکارا پا کر خود بھی مرنا چاہتی تھی۔

پولیس کے مطابق مذکورہ  ملزمہ  گولیمار کے علاقے سلطان آباد کالونی کی رہائشی ہے اور اس کا شوہر راشد شاہ کراچی کے نجی اسپتال میں ملازم ہے۔