سکھر، ٹنڈو آدم ، مختلف حادثات میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق

139

 

سکھر، ٹنڈو آدم (نمائندگان جسارت) پنو عاقل اور روہڑی کے قریب دو مختلف ٹریفک حادثات میں تین خواتین سمیت چار افراد جاں بحق، 15 زخمی ہوگئے۔ روہڑی کے قریب ٹھری میر واہ سے سکھرآنے والی مسافر وین اور مخالف سمت سے آنے والے رکشے کے درمیان تصادم کے نتیجے میں رکشہ سوار تین خواتین جاں بحق جبکہ وین میں سوار 15 مسافر زخمی ہوگئے۔ لوگوں اور پولیس نے پہنچ کر زخمیوں کو سول اسپتال سکھر منتقل کیا۔ لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے سپرد کردیا۔ پولیس رکشہ ڈرائیور اور وین ڈرائیور کو تلاش کررہی ہے، جو حادثے کے بعد فرار ہوگئے تھے۔ علاوہ ازیں دوسرے واقعہ میں پنوعاقل کے قریب سانگی کے مقام پر قومی شاہراہ سے گزرنے والے ایک تیز رفتار ٹرالر کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار نوجوان 25 سالہ عبدالخالق موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس پہنچ گئی اور جائے وقوع سے فرار ہوجانے والے ٹرالر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا، لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے سپرد کردیا گیا۔ ٹنڈو آدم میں تیز رفتار وین کی موٹر سائیکل کو ٹکر، خاتون سمیت دو افراد جاں بحق، ایک شدید زخمی۔ ٹنڈوآدم سانگھڑ بائی پاس کے قریب حیدرآباد سے سانگھڑ جانے والی تیز رفتار وین نے موٹر سوارکو ٹکر مار دی جس کے باعث گاؤں اللہ ڈنو ساند کے رہائشی 60 سالہ نارائن کولہی اہلیہ 55 شرمیتی دھرمی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ موٹر سائیکل چلانے والا متوفی کا بیٹا 35 سالہ اڈیانو کولہی کو شدید زخمی ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر بی سیکشن پولیس نے لاشوں اور زخمی کو تعلقہ اسپتال ٹنڈو آدم منتقل کردیا، جہاں زخمی اڈیانو کولہی کو طبی امداد دینے کے بعد تشویشناک حالت میں حیدر آباد سول اسپتال روانہ کردیا۔ حادثے کے بعد وین ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جبکہ پولیس نے وین تحویل میں لے لی۔ سکھر مختلف کارروائیوں کے دوران 5 اشتہاری، 3 مفرور اور منشیات فروشوں سمیت 10 ملزمان گرفتار، تماچانی پولیس کی کارروائی میں پولیس مقابلوں، اقدام قتل، چوری سمیت مختلف سنگین مقدمات میں مطلوب 3 اشتہاریوں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس اعلامیے کے مطابق ملزمان میں مٹھل لکھن، صحبت لکھن اور شیر لکھن شامل ہیں، جن پر کیس درج ہیں۔ علاوہ ازیں سانگی پولیس نے دوران اسنیپ چیکنگ پولیس مقابلوں اور مختلف سنگین مقدمات میں مطلوب مفرور ملزم طیب تنیو کو گرفتار کرلیا۔ تھانہ بی سیکشن پولیس نے ایوب گیٹ کے قریب کارروائی میں منشیات فروش کو گرفتار کر کے چرس برآمد کرلی۔ تھانہ ائر پورٹ پولیس نے بچل شاہ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش عبدالشکور کو گرفتار کرکے چرس برآمد کرلی۔