تقسیم کشمیر کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے،مقررین

142

لاہور (نمائندہ جسارت) سیاسی، مذہبی و کشمیری جماعتوں کے قائدین، وکلا، طلبہ اور تاجر رہنماؤں نے تحریک آزادی جموں و کشمیر کی مال روڈ پریکجہتی کشمیر ریلی اور جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چناب فارمولہ سمیت تقسیم کشمیر کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ کشمیریوں کے خون کا سودا کرنے کی کوشش کی گئی تو اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔ یہ فیصلہ کن وقت ہے ،حکمران ذمے دارانہ رویہ اختیار کریں۔ شملہ معاہدہ مسئلہ کشمیر کے حل میں بڑی رکاوٹ ہے‘ اسے ختم کیا جائے۔ حکمران لاکھوں شہداء کے خون کے امین ہیں‘ کسی نے بے وفائی کی کوشش کی تو سوائے ذلت کے کچھ نہیں ملے گا۔ انڈیا نے کشمیر سے فوج نہ نکالی تو کشمیری اور پاکستانی قوم میدان میں رہے گی۔ وزیر اعظم عمران خان کابینہ کے ہمراہ اقوام متحدہ دفتر کے باہر دھرنا دیں اور صاف کہہ دیں کہ کشمیریوں کو ان کا حق ملنے تک دھرنا جاری رہے گا۔آزادی کشمیر سے پاکستان کے پانیوں کا مسئلہ بھی حل ہو گا۔جلدیکجہتی کشمیر کارواں اظہار تشکر کارواں میں بدلے گا۔ استنبول چوک سے اسمبلی ہال تک کشمیر ریلی میں تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ یکجہتی کشمیر ریلی اور جلسہ عام سے امیر جماعت الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید ، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، لیاقت بلوچ،مولانا امجد خاں، مولانا امیر حمزہ، حافظ عبدالغفار روپڑی، سید ضیا اللہ شاہ بخاری، محمد یعقوب شیخ، علامہ ابتسام الٰہی ظہیر، میاں راشد علی، رضیت باللہ، شیخ نعیم بادشاہ، ابوالہاشم ربانی، ایس ڈی ثاقب،عقیل چودھری ایڈووکیٹ، محمد شفیق بٹ، قاری محمد داد،محمد سرفراز خان، چودھری محمد احسان،چودھری عنایت علی گجر،حافظ خالد ولید، سید عبدالوحید شاہ، مولانا ادریس فاروق، حافظ عثمان شفیق، محمد شفیق گجر ودیگر نے خطاب کیا۔اس موقع پر لاہور کے مختلف علاقوں سے ریلیاں ترتیب دی گئیں جن کے استنبول چوک پہنچنے پر ایک بہت بڑا جم غفیر دیکھنے میں آیا۔شرکاء کی جانب سے کشمیریوں سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ، سید علی گیلانی،حافظ محمد سعید قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے جاتے رہے۔امیر جماعت الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہاکہ اس وقت فیصلہ کن مرحلہ ہے۔ ٹرمپ مودی کو اکیلا چھوڑ کر جارہا ہے۔ بھارت خوفزدہ ہے کہ امریکا کے نکلنے پر انڈیا کا کیا بنے گا؟۔کشمیر میں جتناظلم مودی کے دور میں ڈھایا گیا ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ یہ قاتلوں کے بھاگنے اور مظلوموں کی آزادی کا وقت ہے۔اس کا آغاز ہو چکا ہے۔ مودی بھی آج مذاکرات کی بات کر رہا ہے لیکن اب بات محبوبہ مفتی سے نہیں قربانیاں دینے والوں سے کرنا ہو گی۔کشمیریوں کے خون کا سودا کرنے کی کوشش کی گئی تو اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کی تحریک تیز ہوئی او رپاکستان میں یکجہتی اس سطح پر پہنچی ہے کہ آج کا پانچ فروری پچھلے برسوں کی نسبت بہت بڑے پیمانے پر منایا گیا ہے ۔ انڈیا اپنی فوج کشمیر سے نکال لے وگرنہ اسے بہت کچھ گنوانا پڑے گا۔ قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے اور منزل حاصل ہونے والی ہے۔ ہم کشمیریوں کو پیغام دیتے ہیں کہ یہ نتیجہ کے حصول اور صبر و استقامت کا وقت ہے۔ ہم کشمیری لیڈروں سے بھی کہتے ہیں کہ یکجہتی تمہاری منزل اور قربانی تمہاری کامیابی ہے۔ تم لاکھوں شہداء کے خون کے امین ہو۔ اگر اس امانت کو تم نے نبھا دیا تو پھر تاریخی کامیابی ملے گا ۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگرذمے داران سن لیں۔ کوئی چناب فارمولہ اور تقسیم کشمیر کا کوئی فارمولہ قبول نہیں ہو گا۔ ساری قربانیاں آزادی کیلیے ہیں اور آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعظم عمران خان ساری کابینہ کو لیکر یو این کے سامنے دھرنا دیں اور صاف کہ دیں کہ ہمارا موقف تمہاری قرارداد ہے۔ آپ کے یہ کام کرنے سے مسئلہ کا حل قریب پہنچ جائے گا۔شملہ معاہدہ اس وقت کیا گیا جب پاکستانی فوج جیلوں میں تھی اور پاکستان مجبوری کی حالت میں تھاجبکہ انڈیا کا ساتھ امریکا، بھارت دے رہے تھے۔ آج حالات بدل چکے ہیں۔ ہر کشمیری کے ہاتھ میں پاکستانی پرچم اور زبان پر لاالہ الااللہ کا نعرہ ہے۔ اس وقت ایک ہی راستہ ہے۔ یو این کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق ملنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ آزادیاں قربانیوں سے ملتی ہیں منتوں سماجتوں سے نہیں۔لاکھوں شہداء کے خون کا سودا نہیں کیا جاسکتا۔ کوئی حکومت اس بات کا حق نہیں رکھتی۔ یہ خون اسلام اور مسلمانوں کی امانت ہے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کے حوالہ سے آج سے بہتر وقت اس سے پہلے کبھی نہیں آیا۔ حکمران پہلے خود فیصلہ کریں پورا پاکستان کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے۔ بڑے بڑے لیڈروں میں اختلاف ہو سکتا ہے لیکن کسی پاکستانی کو کشمیر پر کوئی اختلاف نہیں ہے۔ ہم ہر موقع پرپاکستانی قوم کو سازشوں سے آگاہ کریں گے اور قوم کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ جماعت الدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ بھارت لاتوں کا بھوت ہے باتوں سے نہیں مانتا۔ اتحادی ملک افغانستان میں شکست کھا چکے، انڈیا بھی کشمیر میں نہیں ٹھہر سکے گا۔ کشمیری حوصلہ مند ہیں اور تحریک آزادی عروج پر ہے۔ کشمیری عوام اپنے شہداء کو پاکستانی پرچموں میں دفن کر رہے ہیں۔ شہداء کی قربانیاں ان شاء اللہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستانی قوم مشکل کی گھڑی میں مظلوم کشمیری بھائیوں کو کسی طور تنہا نہیں چھوڑے گی۔جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاکہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منزل قریب ہے۔ ماضی میں کشمیریوں کے ساتھ بے وفائی کی گئی۔ کشمیریوں کی مرضی کے برعکس کوئی حل مسلط نہیں کرنے دیں گے۔ تحریک آزادی فیصلہ کن مرحلہ میں ہے۔ امریکا، بھارت اور اسرائیل انڈیا کی پشت پر ہیں۔ طالبان نے اتحادی ملکوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے۔ اس وقت سوشل میڈیا پر دور ہے۔ مغرب ہماری تہذیب چھیننا چاہتا ہے۔ نوجوان اسلام کی دعوت پھیلانے کیلیے اس ذریعہ کو استعمال کرے۔ انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیاپر مظلوم کشمیریوں کے پیغام کو دنیا تک پہنچائیں اور لوگوں میں اتحاد امت کا جذبہ پیدا کریں۔ کشمیر کی سرزمین سے جو لازوال تحریک اٹھ کھڑی ہوئی ہے اس کی مکمل پشتیبانی کی جائے۔ کشمیریوں کی مدد کیلیے حکمران، سیاستدان اور عوام ایک پیج پر ہوں۔ سفارتی محاذ پر زبردست تحریک چلائی جائے۔جمعیت علماء اسلام(ف) کے مرکزی رہنما مولانا امجد خاں نے کہاکہ کراچی سے پشاور تک عوام نے سڑکوں پر نکل کر کشمیریوں کو بھرپور پیغام دیا ہے۔ کشمیریوں کے ساتھ ہمارا کلمہ طیبہ کا رشتہ ہے۔انڈیا کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کو ماننا ہو گا۔تحریک حرمت رسول ﷺ کے چیئرمین مولانا امیر حمزہ نے کہاکہ کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنا حافظ محمد سعید کا جرم ہے۔ روس کی طرح امریکا بھی افغانستان میں شکست کھا چکا جس پر انڈیا پریشان ہے۔ آزادی کشمیر کی منزل ان شاء اللہ قریب ہے۔ جماعت اہلحدیث کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا کہ کشمیر پاکستان بنے گا۔حافظ محمد سعید کے سپاہی میدان میں آئے ہیں۔کشمیریوں کی آزادی کی منزل قریب ہے۔ہندو سے شہہ رگ چھڑائیں گے۔متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہاکہ کشمیری قوم بے مثال قربانیاں پیش کر رہی ہے۔ 22کروڑ پاکستانی ان کے ساتھ ہیں۔ اپنی تقریر کے دوران انہوں نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بھی لگوائے۔ ملی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ لاہور نے آج یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے اپنا ریکارڈ توڑ دیا۔ہم اس کشمیر کی یکجہتی کے لیے جمع ہیں جس نے قیام پاکستان سے قبل ہی الحاق پاکستان کا اعلان کر کے قیام پاکستان کو تقویت بخشی تھی۔ کشمیری گن کا مقابلہ غلیل سے کر رہے ہیں۔ بھارتی فوج کشمیری بچوں کے سامنے بھی نہیں کھڑی ہو سکتی۔قرآن و سنت موومنٹ کے چیئرمین علامہ ابتسام الٰہی ظہیر نے کہا کہ کشمیری مائیں،بہنیں ہمیں پکار رہی ہیں ۔کشمیری بیٹیوں کی آنچلوں کا تحفظ کرنا ہو گا۔قومیت،لسانیت پر رشتہ ٹوٹ سکتا ہے لیکن کلمہ کا رشتہ نہیں ٹوٹ سکتا۔ کشمیریوں کے ساتھ زبان کا نہیں لاالہ الااللہ کا رشتہ ہے ۔ کشمیری کٹ سکتا ہے لیکن اسلام اور پاکستان سے بے وفائی نہیں کر سکتا۔جمہوری وطن پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں راشد علی نے کہا کہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہے۔اس کو روکنے کے لیے سب کو متحد ہونا ہو گا۔شاہ زین بگٹی نے کشمیر پچاس ہزار افراد بھیجنے کا اعلان کیا تھا آج بھی اس اعلان پر قائم ہیں۔ہدیۃ الھادی پاکستان کے صدر رضیت باللہ نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حافظ محمد سعید کی بدولت زندہ ہے میں انہیں دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔ کشمیر کے مسئلہ پر تمام مذہبی جماعتیں متحد ہوں۔کشمیر کا مسئلہ صرف اور صرف جہاد سے حل ہو گا۔جب بھی کشمیر کی تاریخ لکھی جائے گا حافظ محمد سعید کا کشمیر کے ساتھ نام لازم و ملزوم ہو گا۔ ملی لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر ایس ڈی ثاقب، عقیل چودھری ایڈووکیٹ، شیخ نعیم بادشاہ، محمد شفیق بٹ، قاری محمد داد،محمد سرفراز خان، چودھری محمد احسان،چودھری عنایت علی گجر،سید عبدالوحید شاہ، مولانا ادریس فاروق، حافظ عثمان شفیق اور محمد شفیق گجرودیگر نے کہاکہ لاہور میں یکجہتی کشمیر کے حوالے سے عظیم الشان پروگرام پرہم حافظ محمد سعید کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور کشمیریوں کو یقین دہانی کرواتے ہیں کہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔زندہ دلان لاہو ر کا آج کا احتجاج دنیا دیکھ رہی ہے۔کشمیر آزاد ہو کر رہے گا۔