راولپنڈی، پاکستان ہیلتھ پروفیشنلز آرگنائزیشن کا آحتجاج

88

 

راولپنڈی(اے پی پی)پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح راولپنڈی میں بھی پاکستان ہیلتھ پروفیشنلز آرگنائزیشن نے اپنے حقوق کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ گریڈ ایک تا سولہ کے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز اور ہیلتھ سپورٹ اسٹاف کو الاؤنس دیا جائے۔ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل کا قیام عمل میں لایا جائے، خیبر پختونخوا کی طرح پنجاب میں بھی سروس اسٹرکچر بنایا جائے۔ جمعرات کو راولپنڈی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اور ہولی فیملی اسپتال کے باہر پی اے ایچ ایف او کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کی قیادت آرگنائزیشن کے ڈویژنل صدر ملک الیاس نے کی۔ اس موقع پر وائس چیئرمین پنجاب چودھری خیام، ضلعی صدر چودھری حمید، عنصر محمود، انتظار علی، اعجاز چوہان، جنرل سیکرٹری ڈی ایچ کیو راجا افراہیم، فہیم شاہ، ڈویژنل جنرل سیکرٹری ہولی فیملی ضمیر بخاری اور عابد سلیم کے علاوہ مظاہرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینیرز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ پاکستان ہیلتھ پروفیشنلز آرگنائزیشن کے ڈویژنل صدر ملک الیاس نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پیرا میڈیکل کے اسٹوڈنٹس کو دوران تعلیم نرسز کی طرز پر وظیفہ دیا جائے۔ 2011 ء کے مطابق ہیلتھ ومیڈیکل ٹیکنیشن، سینیٹری انسپکٹرز، ایل ایچ ویز، مڈ وائفری، سپورٹ اسٹاف اور مسنگ کیٹیگریز کے سروس اسٹرکچر پر عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈینگی پروگرام، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کیا جائے جبکہ اسپتالوں کی نجکاری پالیسی اور ٹھیکیداری نظام کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے وزیرصحت سے مطالبہ کیا ہے کہ کے پی کے کی طرح پنجاب میں شعبہ ہیلتھ کے ملازمین کو بھی 9 کے بجائے 12 اسکیل دیا جائے۔