چائلڈ لیبر کی آڑ میں بھٹہ مالکان کی پکڑ دھکڑ ریاستی جبر ہے

101

فیصل آباد (وقائع نگارخصوصی)ضلعی صدر انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن چودھری عبدالرزاق باجوہ ، سینئر نائب صدر میاں فرمان علی نے کہا ہے کہ چائلڈ لیبر کی آڑ میں فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں بھٹہ مالکان کی پکڑ دھکڑ ریاستی جبر ہے۔ پنجاب حکومت نے یہ جبر بند نہ کیا تو ملک بھر میں بھٹہ خشت بند کردیے جائیں گے اور اس کی ذمے دار پنجاب حکومت ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمندری روڈ پر مالکان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ حاجی محمد الطاف،حاجی اسلام چودھری اشرف گجر،رانا صدیق،میاں یوسف،ملک افتخار ، اکرم پٹواری،عمران رحمانی اور چودھری عظمت سرویا و دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکو مت بھٹہ مالکان کے کاروبار پر ضر ب کاری لگا کر لاکھوں خاندانوں کا معاشی قتل کر رہی ہے۔ چائلڈ لیبر آر ڈیننس کے حق میں ہم نے حکو مت کا بھر پور ساتھ دیا اور بچوں سے مشقت کو حرام قرار دینے کے اقدام کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں ڈی سی اوز اور کمشنرز صورتحال کا جائزہ لیے بغیر بھٹوں کو سیل اور مالکان پر مقدمات درج کروا رہے ہیں جس کی بھر پور مذمت کر تے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر کے خلاف بھٹہ مالکان ایسو سی ایشن نے بھر پور ساتھ دیا اور ان کے اقدامات کو عملی جامہ بھی پہنا یا۔ حکو مت کے اعدادو شمار کے مطابق 23ہزار بھٹہ مزدورں کے بچے تعلیم کی غر ض سے اسکولوں میں جانے کے لیے کام کر رہے ہیں جبکہ در حقیقت پنجاب بھر میں بھٹوں پر کام کر نے والے مزدور وں کے بچوں کی تعداد تین لاکھ کے قر یب ہے جو تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھٹہ مزوروں کے بچوں کو نہ یو نیفارم میسر ہیں اور نہ ہی کتابیں جبکہ اساتذہ بھی اپنے فرائض سر انجام نہیں دے رہے ہیں۔