مرکزی شاہراہوں پر کھلے مین ہول حادثات کا باعث بن رہے ہیں

106

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدرچودھری عمرفاروق گجرنے سول اسپتال اورپی آئی آفس کے سامنے سمیت شہرکی مصروف ترین شاہراؤں پر کھلے مین ہولز کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ڈی واسااپنے ادارے کے اہلکاروں کی غفلت چھپانے کے لیے بیانات دینے کے بجائے عوام کے لیے موت بننے والے کھلے گٹروں پرڈھکن رکھوائیں اوران کوچوری کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کروائیں۔رہنماؤں نے کہاکہ شہربھرمیں مین شاہراؤں پر کھلے مین ہولزکے علاوہ ٹوٹ پھوٹ کاشکار گٹروں کے ڈھکنوں کے باعث آئے روزحادثات معمول بنتے جارہے ہیں ،جن گٹروں پر نئے ڈھکن بناکر رکھے جاتے ہیں وہ ناقص مٹریل کی وجہ سے دو چارگھنٹے کے بعددوبارٹوٹ جاتے ہیں اورشہری دوباران کھلے اورٹوٹے ڈھکنوں والے مین ہولز میں ٹہیناں ،اینٹیںیا لکڑی کے پھٹے رکھ کر انہیں ڈھکنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگرواسا اوردیگرادارے مین ہولز کے ڈھکن بناتے وقت اچھے میٹریل کا استعمال کریں اورانہیں چوری ہونے سے بچاؤ کے لیے ہولزکے اندراورڈھکن کولوہے کی زنجیر سے باندھ دیں تو چوری کے واقعات میں کمی ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ آئے روزمیڈیامیں کھلے مین ہولزکی فوٹواورخبریں شائع ہونے کے باوجودضلعی انتظامیہ اورمتعلقہ ادارے ٹس سے مس نہیں ہورہے ۔ شہر کے متعدد مقامات پر کھلے مین ہول عوام کے لیے موت کے کنویں بن گئے، جن میں گرنے کے باعث شہری اور خاص طور پر بچوں کے زخمی ہونے کے واقعات معمول بنے ہوئے ہیں۔جے آئی یوتھ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ اگرضلعی انتظامیہ اورمتعلقہ اداروں نے فوری طور پر کھلے مین ہولز پر ڈھکن نہ لگائے تو راست اقدام پر مجبور ہو جائیں گے۔