پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کے دعویدار ملک کو سودی نظام سے پاک کریں،امیر العظیم

95

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ حکومت نے 6 ماہ میں 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کا قرضہ حاصل کیا ہے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ آئی ایم ایف سے مذاکرات کرکے مزید قرضے حاصل کرنے کی سعی کی جارہی ہے۔ سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات سے ملنے والا قرضہ اس میں شامل نہیں۔ حکمرانوں کے معاشی لحاظ سے ملک وقوم کو خود مختار بنانے کے دعوے ایک ایک کرکے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔ عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ سودی معاشی نظام اور اس پر حاصل کیے جانے والے قرضے ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر العظیم نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے تبدیلی کے نام پر عوام کو گمراہ کیا۔ محض 6 ماہ کے دوران کمرشل بینکوں سے 50 کروڑ ڈالر، چین سے 83 کروڑ 60 لاکھ ڈالر، اسلامک ڈیولپمنٹ بینک سے 27 کروڑ 20 لاکھ ڈالر اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے 34 کروڑ ڈالر کا قرضہ حاصل کیا گیا ہے۔ بیرونی ادائیگیوں کے لیے کم از کم 12 ارب ڈالر کی ضرورت ہے، جس میں سے ساڑھے پانچ ارب ڈالر ادا کیے گئے ہیں۔ ابھی بھی ساڑھے 6 ارب ڈالر درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے معاشی وژن کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ میں سیلز ٹیکس کی وصولی میں 32 ارب روپے کی ریکارڈ کمی ہوئی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت پہلے سے پسے ہوئے غریب عوام پر نئے ٹیکس لگا رہی ہے مگر عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف نہیں دیا جارہا۔ پاکستان وسائل کی دولت سے مالا مال ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی وسائل سے بھرپور انداز میں استفادہ کریں۔ المیہ یہ ہے کہ ان وسائل سے غیر ملکی کمپنیاں فائدہ اٹھارہی ہیں۔ پاکستان کو مدینہ جیسی فلاحی ریاست بنانے کے دعویدار سودی معاشی نظام کے خاتمے کو یقینی بنائیں۔ سود سے پاک معاشی نظام سے ہی ملک میں حقیقی تبدیلی کے دور کا آغاز ہوگا۔
بھکر،موٹرسائیکل سواروں کو کچل ڈالا ، لڑکی جاں بحق، 2 افراد شدید زخمی
بھکر(آئی این پی ) بھکر کے علاقے پنجگرائیں روڈ پر نہر کالونی کے سامنے تیز رفتار مسافر بس نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں بیٹی جاں بحق، باپ اور بیٹا شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیے گئے۔ بھکر سے راولپنڈی جانے والی تیز رفتار مسافر بس نے پنجگرائیں روڈ پر نہر کالونی کے سامنے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں 12 سالہ عطیہ دم توڑ گئی جبکہ دس سالہ عبداللہ اور ان کا والد خورشید شدید زخمی ہو گئے۔ریسکیو حکام اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال منتقل کیا جہاں پر ابتدائی طبی امداد کے بعد دس سالہ عبداللہ کو تشویشناک حالت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھکر منتقل کردیا گیا۔ بس ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، پولیس نے بس کو تحویل میں لے کر ضروری کارروائی شروع کر دی۔