دنیا میں مسلم حکمران تو موجود ہیں لیکن اسلامی حکومت نہیں 

48

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے کہا ہے کہ اسلامی دنیا میں مسلم حکمران تو موجود ہیں لیکن کہیں بھی اسلامی حکومت موجود نہیں ہے۔ دنیا بھر میں مسلمان شدید مشکلات کا شکار ہیں، مسلم حکمران سامراجی قوتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ اسلامی حکومت اور خلافت راشدہ کا قیام ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ جماعت اسلامی اقامت دین کی جدوجہد کے ذریعے رضائے الٰہی کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت صرف اللہ کے عطا کردہ نظام میں ہے۔ انسانیت کو امن و سکون اور ترقی کے خواب دکھانے والے سارے نظام ایک ایک کر کے اپنی ناکامی و نامرادی کا رونا روتے ہوئے ختم ہوچکے ہیں۔ مستقبل اسلام کا ہے۔ قرآن و سنت کی تعلیمات ہی انسان کی کامیابی کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دنیا گلوبلائزیشن سے دوبارہ لوکلائزیشن کی طرف جارہی ہے انتشار اور انارکی کی اصل وجہ یہ ہے کہ عالمی طاقتیں انسانیت کی خیر خواہی کا ڈھونگ رچا کر اپنے مفادات کو پورا کر رہی ہیں۔ انسانیت کو مسائل و مصائب سے نکالنے کے لیے اسلام نے جو راہ متعین کی ہے اس پر چلتے ہوئے دنیا و آخرت کی کامیابیوں کو سمیٹا جاسکتاہے۔