اہم خبریں

178

وزیراعظم کا ملک بھر میں گیس چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم
اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں گیس چوری کی روک تھام کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ گیس چوری کی روک تھام کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی نرمی یا رعایت اختیار نہ کی جائے۔ منگل کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت گیس سیکٹر سے متعلقہ معاملات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیرِ اطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیرِ پیٹرولیم غلام سرور خان، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، چیئرمین ٹاسک فورس برائے انرجی ندیم بابر، فیڈرل سیکرٹریز، چیئرمین اوگرا، سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کمپنیز کے منیجنگ ڈائریکٹرز و دیگر افسران نے شرکت کی۔
ضلع چاغی‘ پاک افغان سرحد پر پاک فوج نے آمد و رفت کے لیے گیٹ قائم کر دیا
کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے ضلع چاغی سے ملحقہ پاک افغان سرحدی علاقے برابچہ میں پاک فوج نے آمدو رفت کے لیے گیٹ قائم کر دیا۔ صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمد حسنی نے پاک فوج کے افسران اور اہلکاروں کے ہمراہ برابچہ کا دورہ کیا اور پاک افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب اور آمد ورفت کے لیے قائم گیٹ کا معائنہ کیا ‘ پاک فوج کے اعلیٰ حکام نے میر محمد عارف محمد حسنی کو بریفنگ دی ۔اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب سے دہشت گردی کے واقعات کم ہو گئے ہیں۔

سابق افغان صدر صبغت اللہ مجددی 93 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
کابل (آن لائن) افغانستان کے سابق صدر صبغت اللہ مجددی 93 برس کی عمر میں کابل میں انتقال کرگئے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان سے سویت یونین کی افواج کے انخلا کے بعد بننے والی پہلی افغان حکومت کے صدر صبغت اللہ مجددی93 برس کی عمر میں مختصر علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے۔ 2003ء میں لویہ جرگہ کی سربراہی کرتے ہوئے افغانستان کا آئین تشکیل دیا‘ 2005ء سے 2011ء تک پارلیمنٹ کے اسپیکر رہے۔ صبغت اللہ مجددی 21 اپریل1925ء کو کابل میں پیدا ہوئے اور مصر کی جامعہ الازہر سے اسلامی قوانین کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے 1952ء میں کابل یونیورسٹی میں درس و تدریس کا آغاز کیا۔ صبغت اللہ مجددی افغان لبریشن فرنٹ کے بانی بھی تھے‘ وہ اعتدال پسند گوریلا جنگجو کے طور پر شہرت رکھتے تھے۔

سندھ ہائیکورٹ کا ارشاد رانجھانی کے قتل سے متعلق صوبائی حکومت کو جوابی خط
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے ارشاد رانجھانی کے قتل پر جوڈیشل انکوائری پر صوبائی حکومت کو جوابی خط تحریر کر دیا۔عدالت براہ راست جوڈیشل انکوائری کرانے کا اختیار نہیں رکھتی۔ صوبائی حکومت کو جوابی خط میں کہاگیا کہ جوڈیشل انکوائری کرانے کا اختیار متعلقہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو حاصل ہے اور صوبائی حکومت چاہے تو متعلقہ سیشن جج سے رجوع کر سکتی ہے جبکہ سیشن جج خود یا ایڈیشنل سیشن جج کے ذریعے جوڈیشل انکوائری کرا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ جوڈیشل انکوائری سے متعلق 2005ء کا عدالتی فیصلہ موجود ہے جس کے بعد سے جوڈیشل انکوائری کے لیے متعلقہ سیشن جج کو ہی خط لکھا جاتا ہے جبکہ عدالت نے سابق حکم نامہ بھی خط کے ساتھ منسلک کر دیاہے۔

محکمہ موسمیات کی بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ 2 روز تک جاری رہنے کی پیشگوئی
اسلام آباد (آن لائن) ملک بھر کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہنے جبکہ جڑواں شہروں پنجاب اور پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ کوئٹہ، ژوب،قلات ڈویژن، کوہاٹ میں کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں شروع ہونے والا بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ آئندہ 2 روز تک جاری رہے گا جبکہ شمالی علاقہ جات میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت استور، کالام میں منفی 9، اسکردو میں منفی 8 جب کہ مالم جب منفی 4 اور پارا چناع میں ،منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ا سٹیٹ بینک نے منی مارکیٹ سسٹم سے 260ارب نکال لیے
اسلام آباد(آن لائن)مرکزی بینک نے منی مارکیٹ سسٹم سے 260ارب روپے کا اضافی سرمایہ ایک اور 4 دن کے مارکیٹ آپریشن کے ذریعے نکالا ہے۔ایک دن کے مارکیٹ آپریشن میں 247ارب روپے 10.17 فیصد سود پر نکالے گئے ہیں۔4 دن کے مارکیٹ آپریشن میں 13ارب روپے 10.18 سالانہ شرح سود پر نکالے گئے ہیں۔بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستانی بینکوں کا آؤٹ لک مستحکم سے منفی کردیا ہے۔پاکستانی بینکوں نے حکومتی بانڈز میں بہت رقم لگا رکھی ہے، اگلے ڈیڑھ سال تک بینکوں کو نچلی پروفائل کے سرکاری بانڈز کے چیلنج سے نمٹنا ہوگا، سست معیشت میں کام کرنے میں مشکلات کا سامنا رہے گا۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق درآمدات میں کمی سے تجارتی خسارے میں ساڑھے9 فیصد سے زایدکمی آئی ہے، مالی سال 19-2018 کے پہلے 7ماہ میں تجارتی خسارہ 19 ارب 26 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہو گیا ہے۔