سندھ حکومت نے کراچی کو موہنجودڑو میں تبدیل کردیا ہے، نصرت واحد 

195

شہر قائد میں جگہ جگہ کچرے و گندگی کے ڈھیر سڑکیں سوریج کے پانی سے ڈوبی ہوئی ہیں، ایم این اے 

کراچی:تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نصرت واحد نے کہا ہے کہ کراچی میں صحت و صفائی کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے۔ جگہ جگہ کچرے و گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ سڑکیں و گلیاں گٹر کے گندے پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ کچی آبادیوں مین سوریج کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔

سندھ حکومت نے کراچی کو موہنجودڑو میں تبدیل کردیا ہے۔ شہریوں کی مشکلات کا میئر کراچی اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نوٹس نہیں لیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحت و صفائی کا جائزہ لینے کیلئے NA-248ماڑی پور UC-40سمیت مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر شہریوں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پانی کا بحران بھی سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے۔

فراہمی آب کا نظام بھی ناکارہ ہوگیا ہے۔ واٹر اینڈ سوریج بورڈ کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ سندھ حکومت اور میئر کراچی صحت و صفائی کی ناقص صورتحال اور پانی کے سنگین بحران کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں۔ جس کے باعث شہری مایوسی کا شکار ہیں۔ نصرت واحد نے مزید کہا کہ ہر سال اربوں روپے صوبائی اور شہری حکومت صحت و صفائی اور شہر کا انفرااسٹرکچر بہتر بنانے کیلئے مختص کرتی ہے۔ مگر صورتحال مزید ابتر ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت و صفائی کی صورتحال بہتر بنانے اور سوریج کی نئی لائنیں ڈالنے گڑیوں کی صفائی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔