فیصل آباد میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں عام ہوگئی ہیں

67

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیرراناطٰہ خاں،جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن،نائب امیر ڈاکٹرمحمدانوراوردیگرنے کہا ہے کہ فیصل آباد سمیت پورے صوبے میں چوری، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان، قتل و غارت اور مختلف قسم کی وارداتیں عام ہیں۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں ۔ راناطٰہٰ خاں نے مزیدکہاکہ تھانہ کلچر جرائم پیشہ افراد کی آماجگاہ بن گئے ہیں۔ با اثر افراد کے لیے قانون موم کی ناک اور غریبوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ شریف آدمی اپنے ساتھ واردات ہونے کے باوجود پولیس اسٹیشن جانے سے گھبراتا ہے۔ عوام کی کسی بھی سطح پر کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔ سسٹم کو بدلنے کے دعویداروں نے بھی لوگوں کو مایوس کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ سوئی ناردرن گیس کی جانب سے پاور فرٹیلائزر، سی این جی، ٹیکسٹائل سمیت متعدد شعبوں کو گیس کی سپلائی بند کرنا قابل مذمت ہے۔ اس سے گھریلوصارفین کے ساتھ ساتھ تاجر برادری کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ ایک طرف عوام کو گیس دستیاب نہیں تو دوسری طرف رہی سہی کسر گیس کے بلوں میں ہوشر با اضافے نے پوری کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو برسر اقتدار آئے 6 ماہ ہونے کو ہیں مگر کسی بھی شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص حکومتی کارکردگی سے خوش نہیں۔ لاقانونیت کی انتہاہوچکی ہے۔