حکومت ویلنٹائن ڈے پر پابندی عائد کرے،میاں عبدالستار

111

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی114کے امیرمیاں عبدالستاربیگا،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم نے کہا ہے کہ حکومت ویلنٹائن ڈے جیسے غیر شرعی تہواروں پر پابندی عائد کرے۔ اسلام نے حیا اور غیرت کا درس دیاہے، بے حیائی اسلام میں نہیں،ویلنٹائن ڈے منانے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں،یہودیت کا پرچار کرتے ہیں،ویلنٹائن ڈے غیر اسلامی اوراخلاق سوز مغربی تہوار ہے جو عریانی، فحاشی اور بے حیائی کے فروغ کا سبب ہے اس لیے مسلم نوجوان اور پوری قوم اس مغربی تہوار کا بائیکاٹ کرے، اسلام کے بیٹے اور بیٹیاں اسلامی تہذیب و ثقافت اور دینی و مشرقی روایات کے منافی ویلنٹائن ڈے کو مسترد کر دیں کیونکہ ویلنٹائن ڈے منانا شیطان کی پیروی اور اللہ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ ویلنٹائن ڈے کے نام پرعریانی و فحاشی کا فروغ اسلام دشمن طاقتوں کی سازش ہے۔والدین اپنی اولاد کو ویلنٹائن ڈے سے دور رکھنے کا بندوبست کریں، نوجوان نسل اپنے دلوں میں محبت رسول کی شمع روشن کریں، اسلام غیر محرم خواتین سے ملاقاتیں اور ناجائز تعلقات کی اجازت نہیں دیتا،اسلام عریانی، فحاشی اور بے حیائی سے دور رہنے کی سختی سے ہدایت کرتا ہے، اسلام نے بے حیائی کو بد ترین گناہ قرار دیا ہے، اس لیے مسلمان دنیا و غیر شرعی محبتوں اور تعلقات سے دامن بچا کر قرآن و صاحب قرآن سے اپنا تعلق مضبوط بنائیں۔انہوں نے کہاکہ ویلنٹائن ڈے مسلم نوجوانوں اور مسلم خواتین کے اخلاق تباہ کرنے اور انہیں اسلام سے دُور لے جانے کی گہری سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویلنٹائن ڈے مسلمانوں کا تہوار نہیں، مسلمان اللہ اور اس کے رسول کی محبت کیساتھ ساتھ اپنے والدین اور بہن بھائیوں سے محبت کریں۔