سی ڈی اے ملٹی ٹریڈ، لیز کی تجدید سمیت دیگر مسائل حل کرے گی ۔ عامر علی احمد

304

تاجر برادری کی مشاورت سے سی ڈی اے ماسٹر پلان پر نظرثانی کی جائے۔ احمد حسن مغل

اسلام آباد : اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے چیمبر کے صدر احمد حسن مغل کی قیادت میں سی ڈی اے کے چیئرمین عامر علی احمدسے ملاقات کی اور ان کو تاجروصنعتکار برادری کے اہم مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے کو مسائل کے بارے میں ایک تفصیلی پریزنٹیشن بھی دی گئی۔

وفد سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے کے چیئرمین عامر علی احمد نے کہا کہ انڈسٹریل پلاٹ پر ملٹی ٹرید کی اجازت ہونی چاہیے اور ان کا ادارہ اس پر غور کرے گا تا کہ صنعتکاری کو بہتر فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ لیز کی تجدید کے مسئلے کو بھی حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لیز کی تجدید کیلئے ایسا طریقہ کار طے کیا جائے گا جو سب پر لاگو ہو۔ انہوں نے کہا کہ تمام کمرشل مراکز اور مارکیٹوں میں انڈرگراؤنڈ کارپارکنگ ہونی چاہیے تا کہ تاجر برادری کو پارکنگ کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ سی ڈی اے مراکز اور مارکیٹوں میں کارپارکنگ کی سہولت فراہم کرنے پر غور کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ٹریفک کا کافی رش ہوتا ہے اور سی ڈی اے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے تعاون سے اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس مقصد کیلئے اوورہیڈ پل تعمیر کر نے ا ور یو ٹرن فراہم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے ماسٹر پلان پر نظرثانی کرنے والی کمیٹی کے اجلاس میں چیمبر کے نمائندگان کو بھی مدعو کیا جائے گا تا کہ ان کی مشاورت سے یہ عمل آگے بڑھے۔انہوں نے کہا کہ وہ جلد انڈسٹریل ٹرائینگل کہوٹہ کا دورہ کریں گے تا کہ ان کے مسائل حل کئے جائیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ سی ڈی اے بورڈ کے ایک فیصلے کے مطابق 33سال کی لیز کو 99سال کی لیز تک بڑھانے کی منظوری دی گئی تھی لیکن اس پر ابھی تک عمل نہیں کیا گیا لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام کمرشل پلاٹوں کی لیز کو 99سال تک بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لیز کی تجدید کے عمل میں بلڈنگ کنٹرل سیکشن کے این او سی کی شرط ختم کی جائے کیونکہ اس وجہ سے بہت سے پلاٹوں کی لیز رکی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل پلاٹوں پر ملٹی ٹریڈ کی اجازت دی جائے جس سے صنعتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے بورڈ نے مارکیٹوں میں ایڈیشنل سٹوری تعمیر کرنے کی منظوری دی تھی لیکن سی ڈی اے نے اس کے چارجز اتنے زیادہ رکھے ہیں جو قابل عمل نہیں ہیں لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان چارجز کو کم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سپرمارکیٹ، بلیو ایریا ، ایف ایٹ اور ایف ٹن سمیت اسلام آباد کی تمام اہم مارکیٹوں میں سی ڈی اے پارکنگ پلازے تعمیر کرے تا کہ پارکنگ کا سنگین مسئلہ حل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے فائر کنٹرول کیلئے صنعتی اور کاروباری اداروں کیلئے جو ضروریات طے کی ہیں ان پراتنی زیادہ لاگت آتی ہے کہ وہ ناقابل عمل ہیں لہذا ادارہ ان پر نظرثانی کر کے ان کو تاجر برادری کی پہنچ میں لانے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ کہوٹہ انڈسٹریل ٹرائینگل میں سڑکوں ، فٹ پاتھ، پانی اور سیوریج سمیت دیگر سہولیات کا شدید فقدان ہے لہذا سی ڈی اے ان مسائل کے حل پر توجہ دے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید، نائب صدر افتخار انور سیٹھی، طارق صادق، میاں اکرم فرید، خالد اقبال ملک، ظفر بختاوری، چوہدری وحید الدین، شعبان خالد، ناصر قریشی، مزمل صابری، طاہر عباسی، محمود احمد وڑائچ، خالد چوہدری، طاہر ایوب، سردار طاہر محمود، محمد علی مرزا، ملک ربنواز اور دیگر نے بھی مختلف مسائل کی نشاندہی کی اور سی ڈی سے ان کو حل کرنے کا مطالبہ کیا۔