اسرائیلی فوج کی فائرنگ،درجن سے زائد فلسطینی زخمی

124

غزہ : مشرقی سرحد پر  درندہ صفت اسرائیلی فوجیوں نے  فائرنگ کرکے  20 فلسطینیوں کو زخمی کردیا۔

عرب میڈیا کے مطابق  جمعے  کے روز پناہ گزینوں کی واپسی اور محاصرہ توڑنے سے متعلق ریلیوں کے 47 ویں ہفتے کے دوران ہونے والی جھڑپوں میں قابض اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کرکے 20 نہتے فلسطینیوں کو زخمی کر دیا اس کے

علاوہ  فوجیوں کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی  جس کے نتیجے میں درجنوں افراد  بے حال ہوئے۔

غزہ پٹی میں وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں ایک فری لانس صحافی اور ایک خاتون بھی شامل ہے۔ ترجمان کے مطابق دو زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

واضح رہے کے فلسطینیوں کی جانب سے گزشتہ سال 30 مارچ سے “واپسی کی ریلیوں” کے سلسلے میں احتجاج جاری ہےجب کے ہر جمعے کے روز  احتجاج شدت اختیار کرتا ہے۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ 2006 سے غزہ پٹی پر مسلط محاصرے کو ختم کیا جائے اور 70 برس قبل ہجرت کر جانے والے فلسطینی پناہ گزینوں کو اپنے گھروں کو واپسی کا حق دیا جائے۔

گزشتہ جمعے کے روز  منعقد ریلی میں 10 ہزار کے قریب افراد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے غزہ اور اسرائیل کے درمیان سرحدی باڑ کے نزدیک جانے کی کوشش کی مگر اسرائیلی فوجیوں نے انہیں دور کرنے کے لیے براہ راست فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔