کلبھوشن یادیوکے خلاف عالمی عدالت میں سماعت

366

دی ہیگ: بھارتی جاسوس  کلبھوشن یادیو  کے کیس کی  سماعتوں کا سلسلہ آج  سے عالمی عدالت میں  شروع ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو  کے کیس کی سماعت کا سلسلہ  آج سے شروع ہوگا۔

عالمی عدالت انصاف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عالمی عدالت نے 18 فروری کو بھارتی وکیل کو دلائل کے لئے وقت دیا گیا ہے جب کہ منگل 19 فروری کو پاکستانی وکلاء عالمی عدالت کے ججز کے سامنے اپنے دلائل پیش کریں گے۔

پاکستان اور بھارتی وکلاء کے دلائل کے بعد بحث و جرح کا آغاز ہوگا، 20 فروری کو بھارت جب کہ جمعرات 21 فروری کو پاکستانی وکیل بحث کریں گے۔ کلبھوشن یادیو کیس کی جرح کی مکمل کارروائی بین الاقوامی عدالتِ انصاف کی ویب سائٹ پر براہِ راست نشر کی جائے گی۔

یاد رہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کو مارچ 2016 میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا، بھارتی نیوی کے حاضر سروس افسر نے پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کا اعتراف کیا تھا جس پر پاکستان کی فوجی عدالت نے کلبھوشن کو سزائے موت سنائی جاچکی ہے۔