سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان،فضا تبدیل،خوشحالی کی بازگشت

135

کراچی ( تجزیہ : محمد انور ) سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان اتوار کو دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تو پورے ملک کی فضا تبدیل ہوگئی۔ ہر طرف خوشحالی اور عمران خان کی حکومت کی کامیابیوں کے چرچے ہونے لگے، اسلام آباد سے کراچی تک موسم بھی خوشگوار ہوگیا۔ کڑی دھوپ کی جگہ ابرآلود موسم نے لے لی۔ ہر طرف محمد بن سلمان کی آمد کے چرچوں کے ساتھ’’اہلا و سہلا مرحبا‘‘ کی بازگشت تھی۔ تمام بڑے شہروں کی اہم شاہراہوں پر پاکستان اور سعودی عرب کے پرچم لہرا گئے۔ وزیر اعظم عمران خان سمیت تمام حکمرانوں کے چہرے شاداں ہیں۔خیال ہے کہ اسلام آباد کے نئے ائرپورٹ کا نام محمد بن سلمان سے موسوم کردیا جائے گا۔ سعودی عرب کے حکمراں کے دورے سے ’’پاک سعودی تعلقات ‘‘مزید مستحکم ہونگے۔ دورہ اس لحاظ سے بھی تاریخی ہوگا کہ سعودی عرب کی کم و بیش 16 ارب ڈالر کی سرمایہ کرے گا۔ جبکہ سعودی عرب نے ایک سال تک تیل مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے جس سے ملک کی مجموعی معاشی صورتحال بہتر ہونے کے امکانات ہیں۔ سعودی ولی عہد کے پاکستان کے دورے سے جہاں تمام اسلامی ممالک ایک دوسرے کے مزیدقریب آنے کو ہیں وہیں ایسا لگ رہاہے بھارت اور امریکا اپنی خارجہ پالیسی سے مایوس ہوگئے ہیں دونوں ممالک کے عوام کا اپنے حکمرانوں پر پاکستان سے بہتر تعلقات استوار کرنے کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے۔ جس میں مزید اضافہ ہونے کے امکانات ہیں۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اگر سعودی عرب توقعات کے مطابق پاکستان بہترین تعلقات کا اظہار کرتے ہوئے تمام وعدوں کو پورا کرتا رہا تو نہ صرف نیا پاکستان میں خوشحالی کے دور کی شروعات ہوجائے گی بلکہ دیگر عرب ممالک کے ساتھ چین ، ترکی ، ملیشیا ، سنگاپور اور دیگر بھی پاکستان کے ساتھ مزید بہتر تعلقات کیلیےآگے آئیں گے۔ پاکستان جلد ہی دنیا کے دیگر ممالک کو جوڑے رکھنے والا ایک بڑا ملک بن جائے گا۔ یاد رہے کہ سعودی عرب نے پاکستانی شہریوں کے لیے وزٹ ویزہ کی فیس میں غیر معمولی کمی کا اعلان ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے سے ایک روز قبل ہفتے کو کرچکا ہے جس سے پاکستانیوں کے دل باغ باغ ہوچکے ہیں۔ پوری قوم اس کا کریڈٹ موجودہ پی ٹی آئی کی حکومت اور وزیراعظم عمران خان کو دے رہی ہے۔