تربت :دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4ایف سی اہلکار جاں بحق

275

کوئٹہ/ڈیرہ غازی خان(آن لائن/صباح نیوز) تربت اور ڈیرہ غازی خان میں دہشت گردوں کے حملوں میں4ایف سی اہلکار جاں بحق،3 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے،ڈیرہ غازی خان میں گزشتہ روز بھی فائرنگ سے 4پولیس اہلکارشہید ہوگئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے تربت اور پنچگور کے درمیانی علاقے میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 ایف سی اہلکار شہید ہو گئے جن میں عبدالرحمن،نصیب اللہ، نعمان اورحق نواز شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال نے ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ پرامن بلوچستان اور ترقی کے خلاف سازش ہے واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ علاوہ ازیں ڈیرہ غازی خان میں رہزنوں کی فائرنگ سے3 اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔واقعے کے وقت ملزمان موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ پیڑولنگ پولیس سے سامنا ہوگیا۔ گزشتہ روز بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 4 پولیس اہلکار شہید ہو گئے تھے، جنہیں3 موٹرسائیکلوں پر سوار6 ملزمان نے نشانہ بنایا تھا۔  گولیاں لگنے سے 2 راہ گیربھی زخمی ہوئے تھے۔