ولی عہد کا استقبال، پاکستانی عوام کا سعودی عرب سے اظہار محبت ہے، امیر العظیم

101

 

لاہور(وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے سے دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ 20ارب ڈالرکی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت کو سہارا اور بیرونی سرمایہ کاروں کو اعتماد ملے گا۔ شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے پاک سعودی تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگیا ہے۔شاہ فیصل مرحوم کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ سعودی عرب کے پاکستان کے ساتھ تعلقات میں مزید استحکام پیدا ہوا ہے۔ پاک سعودی تعلقات ہمیشہ سے بہت اچھے رہے ہیں۔شہزادہ محمد سلمان کے دورے سے پاکستان اور سعودی عرب مزید قریب آگئے ہیں۔ پاکستان کے عوام نے سعودی ولی عہد کاتاریخی استقبال کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ ہمارے دل سعودی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات نصف صدی پر محیط ہیں۔ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی ہر مشکل گھڑی میں دل کھول کر مدد کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے 22کروڑ عوام نے سعودی ولی عہد کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خیر مقدم کیا۔ سعودی عرب کی متبادل توانائی ریفائنری، پیٹرو کیمیکل پلانٹ ، معدنی وسائل ، بجلی کی پیداوار، کھیل اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب برادر اسلامی ملک ہے جسے پاکستان کے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کواللہ تعالیٰ نے وسائل کی بے پناہ دولت سے نوازا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران ان سے بھر پور انداز میں استفادہ کے لیے حکمت عملی وضع کریں۔ ماضی کی حکومتوں نے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔