پاکستان پر حملے کی بھارتی دھمکی ناقابل برداشت ،میاں اجمل

108

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی115کے امیر میاں اجمل حسین ،بدر ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ پاکستان پر حملے کی بھارتی دھمکی ناقابل برداشت اور حقائق کے برعکس ہے۔اس معاملے میں پوری قوم یکجااور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کی سماعت بہت اہم ہے۔ حکومت اس حوالے سے مکمل حقائق عالمی عدالت کے سامنے لائے۔ بھارت کی جانب سے کل بھوشن کو تاجر ثابت کرنے کی کوشش درحقیقت عالمی عدالت کو گمراہ کرنے کی سازش ہے۔ پاکستان میں کل بھوشن یادیو کورنگے ہاتھوں جاسوسی کرتے ہوئے پکڑا گیا اور اس نے خود اس بات کااعتراف بھی کیا ہے۔ کل بھوشن بھارتی نیوی کا حاضر سروس افسر ہے جو کہ انڈین خفیہ ایجنسی را کے لیے کام کرتارہا ہے، وہ پاکستان میں دہشت گردی کو بڑھانے اور جاسوسی جیسی سرگرمیوں میں براہ راست ملوث رہا ہے ایسا شخص جسے انڈین حکام نے جاسوسی اور دہشت گردی کے لیے پاکستان بھیجا ہو اسے قونصلر تک رسائی نہیں ملنی چاہیے۔ قونصلر رسائی کے 21مئی 2008ء کے معاہدے کے مطابق پاکستان قومی سلامتی کے معاملے پر قونصلر رسائی کی درخواست کا میرٹ پر جائزہ لینے کا حق دار ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت 72برسوں سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کررہا ہے۔ بے گناہ اور نہتے کشمیریوں کو شہید کیا جارہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اپنی تمام تر کاوشوں کے باوجود تحریک آزادی کشمیر کو دبانے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔ میاں اجمل حسین بدرایڈووکیٹ نے مزیدکہاکہ آزادی کی اس تحریک میں انجینئرنگ جامعات سے فارغ التحصیل اور ملازمت پیشہ نوجوان بھی شریک ہورہے ہیں۔ جس انداز میں حریت قیادت اور کشمیری عوام نے مودی کے دورے کے موقع پر یوم سیاہ منایا اور دورہ ناکام بنایا، اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ بھارت اب زیادہ عرصہ اپنے غاصبانہ قبضے کو برقرار نہیں رکھ سکے گا۔